صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد، کسان کارڈ سے متعلق پیش رفت کا جائزہ

بدھ 30 اکتوبر 2024 18:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2024ء) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت بینک آف پنجاب ہیڈ آفس لاہور میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور بنک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ کسان کارڈ کا اجرا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا تاریخ ساز اور کسان دوست منصوبہ ہے،کسان کارڈ کے لیے اب تک 12 لاکھ کاشتکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ پنجاب بنک نے 4 لاکھ 46ہزاردرخواستیں منظور کر لی ہیں اور اب تک 3لاکھ 20ہزار کسان کارڈ کاشتکاروں نے وصول کر لیے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ پنجاب بھر میں 2600 رجسٹرڈڈیلرزکی دوکانوں پر کسان کارڈ کے ذریعے خریداری کا عمل جاری ہے اور کسان کارڈ کے فعال ہونے کے بعد سے اب تک کاشتکار1ارب 70کروڑ روپے کی خریداری کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر زراعت نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کے کسانوں کی خوشحالی کے لئے 400ارب روپے کے میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد جاری ہے جن سے کسانوں کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور زرعی پیداواری اہداف کا حصول ممکن ہوگا۔ صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا وزیر اعلی پنجاب نے کسان کارڈ کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے سات لاکھ کرنے کا اعلان کرنے کے علاوہ نان ڈیجیٹائزڈ موضع جات میں فزیکل ویریفکیشن کے ذریعے کسان کارڈ کی رجسٹریشن کرنے کی اجازت دے دی ہے جس کے تحت کسان زرعی سنٹرز میں جائیں گے اور کسان کارڈ کے لیے اپنی درخواست جمع کروائیں گے اورموقع پر موجود محکمہ زراعت توسیع کا اسٹنٹ ڈائریکٹر اس کی تصدیق کرے گا اور اس کو کسان کارڈ کی ہیلپ لائن پر اپ لوڈ کر دے گا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید، ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں، گروپ چیف کارپوریٹ اینڈ انوسٹیمنٹ بینک آف پنجاب نوفل داد،ہیڈ آف مارکیٹنگ سروسز بینک آف پنجاب اسد ضیا سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔