باچاخان کلب لورالائی نے چوتھا آل بلوچستان شہدائے ایف سی فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا

ہفتہ 2 نومبر 2024 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2024ء) باچاخان کلب لورالائی نے چوتھا آل بلوچستان شہدائے ایف سی فٹبال ٹورنامنٹ 2024 جیت لیا۔ باچاخان کلب لورالائی کلب نے فیصلہ کن معرکے میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیواد کلب سنجاوی کو ہرا کر ٹائٹل جیتا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی لورالائی سکائوٹس کے کمانڈر بریگیڈیئر نوید قلب عباس تھے ،فائنل میچ دیکھنے کے لیے ضلع بھر سے شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجوتھی۔

مہمان خصوصی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارفی ملاقات کی جبکہ ٹورنامنٹ کمیٹی کی جانب سے مہمان خاص کو روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی ۔مہمان خصوصی نے فائنل میچ کے بعد فاتح ٹیم کو ٹرافی اور ایک لاکھ جبکہ رنراپ ٹیم کو ٹرافی اورپچاس ہزارروپے نقد انعام دیا۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کمیٹی کی جانب سے بریگیڈیئر نوید قلب عباس اور دیگر مہمانوں میں شیلڈ ز بھی دیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈربریگیڈیئر نوید قبل عباس نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے ہمارے نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور رہنگے۔ ایف سی بلوچستان ایک طرف جہاں علاقے میں امن امان قائم کرنے میں کردار ادا کررہی ہے تو وہیں نوجوانوں کو شاندار ماحول مہیا کر کے کھیلوں کے ٹورنامنٹ کروائے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان منفی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بجائے صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں جس سے علاقہ میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔