Live Updates

گلے کے علاج کیلئے مریم نواز کی ممکنہ لندن روانگی پر پی ٹی آئی کی شدید تنقید

اپنے بلڈ پریشر چیک اپ سے لے کر چھوٹی سی سرجری بھی کروانی ہو تو خود لندن بھاگ جاتے ہیں جبکہ غریبوں کیلئے عمران خان کی فراہم کر دہ صحت کارڈ جیسی نعمت بھی چھین لی؛ ترجمان کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 نومبر 2024 15:41

گلے کے علاج کیلئے مریم نواز کی ممکنہ لندن روانگی پر پی ٹی آئی کی شدید ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف نے گلے کے علاج کیلئے ممکنہ لندن روانگی پر مریم نواز کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایک بیان میں پارٹی ترجمان نے کہا کہ باپ تین دفعہ وزیراعظم، چچا دو دفعہ وزیراعظم، ان گنت دفعہ وزارت اعلیٰ اپنے گھر، خود وزیراعلیٰ لیکن اپنے بلڈ پریشر چیک اپ سے لے کر چھوٹی سی سرجری بھی کروانی ہو تو خود لندن بھاگ جاتے ہیں جب کہ غریبوں کیلئے عمران خان کی فراہم کر دہ صحت کارڈ جیسی نعمت بھی بےشرم و بے حیاء خاندان نے چھین لی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے یہ ردعمل اس لیے سامنے آیا کیوں کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا گلے کے علاج کیلئے لندن جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، میڈیا رپورٹس میں ذرائع مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی 5 نومبر کو لندن روانگی متوقع ہے، وہ لندن میں اپنے ذاتی معالج سے علاج کروائیں گی کیوں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کافی عرصے سے گلے میں انفیکشن کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر مریم نواز کے گلے کے آپریشن کا بھی امکان ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب کا لندن کا یہ دورہ ایک ہفتہ پر محیط ہوسکتا ہے، مریم نوازکا وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیرملکی دورہ ہوگا، دورہ مکمل ہونے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کا لندن سے اکٹھے وطن واپس آنے کا امکان ہے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ قبل ازیں 27 اکتوبر کو پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن پہنچے، چند روز قیام کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے یورپ کے مختلف ممالک کے دورے بھی متوقع ہیں، نواز شریف دوروں کے موقعوں پر ممکنہ طور پر اہم ملاقاتیں بھی کریں گے، اس دوران صدر ن لیگ اور وزیراعلیٰ پنجاب پارٹی کے عہدے داروں سے ملاقات بھی کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات