حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، ساجدہ فاروق تارڑ

جمعرات 21 نومبر 2024 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،حلقہ این اے127 میں کچی آبادیوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز حلقہ این اے127 کے مرکزی آفس میں منعقدہ کھلی کچہری میں آئے سائلین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پی ایس او ٹو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شہباز طالب،ڈپٹی سیکرٹری اسد ابرار ،سابق چیئرمین یوسی233 سید عمران علیم شاہ اورشہباز چڈھر سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ساجدہ فاروق تارڑ نے سائلین کے مسائل سنے اور موقع پر ہی انکے حل کیلئے احکامات جاری کئے ۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ حلقہ کی عوام کا ہر فرد میرے لیے قابل عزت ہے،سب کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ میں موجود کچی آبادیوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ، حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، ہر یونین کونسل کو ماڈل یو سی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی سموگ پالیسی پر شہریوں نے عمل درآمد یقینی بنایا ،شہریوں سے اپیل ہے کہ سموگ کو ختم کرنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں اور گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ سموگ جیسی وبا سے چھٹکارا حاصل کر سکیں ۔

کھلی کچہری میں مستحق افراد میں ہمت کارڈ بھی تقسیم کیے گئے۔ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ ہمت کارڈ وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس سے معاشرے میں غربت ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ریسکیو1122 کی جانب سے حلقہ این اے127 کی ہر یوسی میں کمیونٹی ایکشن ڈایزاسٹر ریسپانس ٹیم کورس کروانے کا اعلان بھی کیا گیا،جس کا انعقاد آئندہ ہفتے سے حلقہ کے مختلف علاقوں میں کیا جائے گا۔