اوقات کار کی خلاف ورزی پر کارروائیاں، 63 دکانیں سیل

جمعہ 22 نومبر 2024 14:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2024ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے مارکیٹوں کو رات 8بجے اور ریسٹورنٹس کو رات 10بجے کے بعد بند کروانے کے حکم پر عملدرآمد شروع کر دیا جس کے تحت ضلعی انتظامیہ نے اوقاتِ کار کی خلاف ورزی کرنے والی 63دکانوں کو سیل کر دیا ۔ضلعی انتظامیہ لاہور کی مختلف تحصیلوں میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون صاحبزادہ یوسف کی قیادت میں 5دکانیں سیل کی گئیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابرعلی رائے نے 10دکانوں کو سیل کیا۔ اسی طرح تحصیل علامہ اقبال ٹائون میں اے سی خواجہ عمیر کی قیادت میں 29 دکانیں بند کی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر راوی طارق بشیر اور اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

تحصیل واہگہ زون میں اسسٹنٹ کمشنر عامر بٹ نے 2دکانیں سیل کیں جبکہ تحصیل شالیمار میں ڈاکٹر انعم فاطمہ نے 14 دکانیں بند کیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے شہریوں سے سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے تاجر برادری سے درخواست کی ہے کہ وہ فضائی آلودگی کے اثرات کم کرنے میں تعاون کریں تاکہ لاہور کا ماحول صاف اور صحت مند رہے۔