ٹرانسپورٹرز اوورلوڈنگ اور چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے سے اجتناب کریں،سیکرٹری آر ٹی اے نصیرآباد

جمعہ 22 نومبر 2024 18:20

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2024ء) سیکرٹری آر ٹی اے نصیرآبادنور احمد ڈومکی نے خلاف ورزی پر مسافرگاڑیوں کے چالان اور جرمانے عائد کیے۔انہوں نے ٹرانسپورٹ مالکان کی جانب سے موٹر وہیکل آرڈیننس کی خلاف ورزی جن میں اوور لوڈنگ ،چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے سے مسافروں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہونے کے علاوہ مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے پر متعدد ویگنوں کے نہ صرف چالان کئے بلکہ جھنگلے اتارنے کے علاوہ جرمانے بھی عائد کئے۔

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور دی گئی تجویز زیر غور لائی جائے گی اور کوشش کی جائے گی کہ رکشہ کو شہر کی حدود تک محدود رکھا جائے جبکہ ٹیکسی کار راستوں سے مسافر اٹھانے کے بجائے وہ شہر کی مناسب جگہ پر اپنا کار اسٹینڈ بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ویگن مالکان کو چاہیے کہ خلاف ورزی سے گریز کریں اوور سپیڈنگ اور اوور لوڈنگ کی وجہ سے اکثر و بیشتر این اے 65 پر حادثات رونما ہوئے ہیں جس سے کافی تعداد میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اور اس کی اہم وجہ زیادہ وزن سے ٹائروں کو نقصان پہنچنے جیسے اسباب سامنے آئے ہیں اس لیے ٹرانسپورٹ مالکان کو چاہیے کہ وہ موٹر ویکل آرڈیننس1965 پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنا کر ایک محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ ٹائر پھٹنے جیسے واقعات میں کمی واقع ہو ٹرانسپورٹ اتھارٹی ہر ممکن تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے گورنمنٹ کی ہدایت پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنا کر بہت سی قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ سدا بہار کمپنی کے مالک و صدر بلوچستان ٹرانسپورٹ یونین میر حاجی حکمت خان لہڑی نے اپنی جانب سے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ساتھ اپنے تعاون کی ہر ممکن یقین دیہانی اور دیگر صدور سے بھی کہا جائے گا کہ وہ اوورلوڈنگ اور چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے سے اجتناب کریں۔\378