لاہور کو سموگ سے نجات نہ مل سکی، دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں شامل

ہفتہ 23 نومبر 2024 13:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2024ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کو سموگ سے نجات نہ مل سکی، لاہور ہفتہ کے روز بھی بھی دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں شامل رہا ۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور کا دنیا بھر کے شہروں میں دوسرا نمبر رہا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 360ریکارڈ کی گئی، ویلنشیا ٹائون کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 485جبکہ جوہر ٹائون کے علاقے کا اے کیو آئی 418 پر پہنچ گیا۔

دوسری جانب ضلع انتظامیہ مارکیٹس رات 8بجے اور ریسٹورنٹس رات 10بجے بند کروانے کروانے کے لیے سرگرم عمل ہے ، سموگ ایس او پیز خلاف ورزی پر 37دکانیں سیل کر دی گئیں ۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی ہرتحصیل میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، تحصیل ماڈل ٹائون میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون صاحبزادہ یوسف کی قیادت میں عملدرآمد، 10دکانیں سیل ، تحصیل علامہ اقبال ٹائون میں اسسٹنٹ کمشنر خواجہ عمیر نے 09دکانیں خلاف ورزی پر سیل کی گئیں ، اسسٹنٹ کمشنر راوی طارق بشیر نے تحصیل راوی میں پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنایا،اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہرنے 04دکانوں کو سیل کیا ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے پرائیویٹ ڈویلپر کو بذریعہ بھاری مشینری لینڈ ڈویلپمنٹ کرنے پر پکڑ لیا ، اسسٹنٹ کمشنر عامر بٹ واہگہ کا پابندیوں پر عملدرآمد، 05 دکانوں کو سیل کیا ،تحصیل صدر میں اسسٹنٹ کمشنر عبدالباسط کا پابندیوں پر عملدرآمد، 02ریسٹورنٹس سیل کیا ،تحصیل شالیمار میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر انعم فاطمہ کا پابندیوں پر عملدرآمد، 07دکانیں سیل کیں ۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ تاجر برادری اسموگ اور فضائی آلودگی کے اثرات کم کرنے میں تعاون کریں، شہری کسی بھی قسم کی متعلقہ معلومات کے حصول یا شکایت کی صورت میں ڈی سی آفس کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر واٹس ایپ میسج یا ڈی سی آفس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میسج یا کمپلینٹ کی صورت میں رابطہ کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں اور چوبیس گھنٹوں میں27 لاکھ کے جرمانے عائد کیے گئے ۔

سی ٹی او عمارہ اطہر نے بتایا کہ 24گھنٹوں میں دھواں چھوڑنے والی 1310گاڑیوں27لاکھ کے جرمانے، متعدد گاڑیوں بند بھی کی گئیں ۔ خطرناک حد تک دھوں چھوڑنے پر 705 موٹرسائیکلوں کیخلاف بھی کارروائی، 105موٹرسائیکلیں اور 91ٹریکٹر ٹرالیاں مختلف ٹریفک سیکٹرز میں بند کیا گیا ۔ اس کے ساتھ آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی 119وہیکلز کو ای چالاننگ جاری ہے ۔شہر میں 41 اینٹی سموگ اسکواڈز تشکیل،داخلی و خارجی راستوں پر 12 ناکے بھی قائم ہیں ۔ عمارہ اطہر نے کہا کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی ۔