Live Updates

جی ایچ کیو حملہ کیس؛ عمران خان سمیت 120 افراد پر فرد جرم پھر مؤخر

راستوں کی بندش کی وجہ سے ملزمان کا عدالت میں پیش ہونا ممکن نہیں، وکلاء کی استدعا

Sajid Ali ساجد علی پیر 25 نومبر 2024 11:38

جی ایچ کیو حملہ کیس؛ عمران خان سمیت 120 افراد پر فرد جرم پھر مؤخر
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 نومبر 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سمیت 120 افراد پر جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم ایک بار پھر مؤخر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے وکیل محمد فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’راستوں کی بندش کی وجہ سے ملزمان کا عدالت میں پیش ہونا ممکن نہیں‘، جس پر عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم کی کارروائی 28 نومبر تک مؤخر کردی۔

بتایا گیا ہے کہ کئی شہروں میں پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکومتی کی جانب سے راستوں کی بندش کی وجہ سے سابق وزیر کارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی آج لاہور سے راولپنڈی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، اسی طرح شیخ رشید احمد و دیگر بھی عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی کی منصوبہ بندی سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی رہنماء اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،اعجاز چوہدری، عمر چیمہ سمیت 21 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، نو مئی سے متعلق منصوبہ بندی کے الزام میں تھانہ ریس کورس میں درج مقدمے کی کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سماعت ہوئی، کوٹ لکھپت جیل لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے نو مئی مقدمات کی سماعت کی، دوران سماعت شاہ محمود قریشی ،اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ سمیت 21ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔

                               
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات