آج کے دن بحریہ نے بھارت کے جہاز کٴْکری کو سمندر بٴْرد اور جنگی جہاز کِرپان کو مفلوج کر کے تاریخ رقم کی تھی‘نیول چیف

پیر 9 دسمبر 2024 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2024ء)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ 53 سال قبل آج کے دن پاک بحریہ نے بھارت کے جہاز کٴْکری کو سمندر بٴْرد اور جنگی جہاز کِرپان کو مفلوج کر کے تاریخ رقم کی تھی، یہ جنگِ عظیم دوئم کے بعد کسی آبدوز سے جنگی جہاز کو غرق کرنے کا پہلا اور روایتی آبدوز کے ذریعے تباہ کرنے کا واحد واقعہ ہے، 53ویں ہنگور ڈے کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میںکہا کہ یہ دن ہمیں ہنگور کے عملے کی بہادری، استقامت اور جذبے کی یاد دلاتا ہے، ہنگور نے پاک بحریہ کے لیے جو کارنامہ سرانجام دیا وہ اللہ تعالیٰ کے خاص کرم، تجربہ کار عملے کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاکستان کے ساتھ بیلوث عقیدت کی اعلیٰ ترین مثال ہے، آج کا دن ہمیں یہ باور کرواتا ہے کہ پیشہ وارانہ مہارت اور لگن کے ذریعے ہم تمام مشکلات کا مقابلہ کر سکتے ہیں،اپنے قابل فخر ماضی اور پیشہ وارانہ ورثے کو موجودہ دور کے جدید تقاضوں کے مطابق مزید تقویت دے سکتے ہیں، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کہتے ہیں کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ اپنی سب میرین فورس پر خصوصی توجہ دی ہے اور چین کے تعاون سے جاری آبدوز کا منصوبہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے، 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے اضافے سے پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں اور اس کی جارحیت کو تقویت ملے گی، اس وقت اپنی فتح کی یاد تازہ کرتے ہوئے ہم پاک بحریہ کی آبدوز غازی کے شہدا کو فراموش نہیں کر سکتے، آبدوز غازی نے 1971 میں مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کیں، مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان بحریہ کا سب میرین اسکواڈرن اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں اور ہنگور کے مثالی کارنامے سے متاثر ہوتا رہے گا، میں سب میرین سروس کے روشن مستقبل اور کامیابیوں کے لیے دعا گو ہوں، اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو ۔