چیئرمین سینیٹ کی مراکش کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے باہمی مکالمے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

بدھ 30 اپریل 2025 18:15

چیئرمین سینیٹ کی مراکش کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے رباط میں منعقدہ تیسرے ساؤتھ-ساؤتھ پارلیمانی ڈائیلاگ فورم کے موقع پر مراکش کے وزیر خارجہ ناصر بوریطہ سے ملاقات کی۔ یہ اہم ملاقات دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور مراکش کے مابین تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کا اعتراف کیا گیا جو دہائیوں سے دونوں ممالک کو جوڑے ہوئے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے باہمی مکالمے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صنعتی ترقی، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے بشمول ریلویز اور بندرگاہوں، آٹو موٹو صنعت، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں مراکش کی شاندار پیش رفت کو سراہا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے، مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے اور دوطرفہ شراکت داری کے تمام پہلوؤں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔یہ ملاقات پاکستان اور مراکش کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی احترام، ثقافتی ہم آہنگی، اور مشترکہ ترقیاتی اہداف پر مبنی باہمی مفاد کی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کی عکاس تھی۔