نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل اسلام آباد کے وفد کا یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ

جمعرات 12 دسمبر 2024 17:22

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2024ء) نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل اسلام آباد کے وفد نے یونیورسٹی آف سرگودھا کا خصوصی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد سرگودھا یونیورسٹی کے ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے مختلف تعلیمی پروگرامز کی کونسل سے منظوری تھی۔ وفد کے ارکان کا یونیورسٹی انتظامیہ نے استقبال کیااور اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے وفد کو کمیٹی روم میں یونیورسٹی میں جاری تعلیمی، تحقیقی اور تعمیراتی سرگرمیوں کے بارے میں مکمل بریفنگ دی۔

وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی ایک اہم ترین جامعہ ہے جس میں 25ہزار سے زائد طالب علم زیر تعلیم ہیں اور اس وقت یونیورسٹی کو گزشتہ دو برسوں میں ہم نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مختلف پراجیکٹس اور تحقیقی کام شروع کرکے مثالی ادارہ بنادیا ہے جس کا تمام کریڈٹ ہماری یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامی افسران کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ گلوبل ویلج کے اس دور میں ہم نے ناصرف قومی بلکہ مختلف بین الاقوامی اداروں سے مختلف معاہدے کئے ہیں جس کے دور رس نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو برس قبل ہماری یونیورسٹی میں صرف آٹھ پیٹنٹ رجسٹرڈ تھے اور آج ہماری یونیورسٹی نے36 پیٹنٹ بنا کر رجسٹریشن کے لئے بھیج دئیے ہیں جس پر بطور سربراہ ادارہ اور استاد مجھے بہت فخر ہے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ایک کامیاب جامعہ اور تعلیمی ادارہ وہی ہوتا ہے جس کا انڈسٹری کے ساتھ گہرا اور مضبوط تعلق ہو اور یہی تعلق کامیاب معیشت کا سبب بنتا ہے۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے وفد کو مزید بتایا کہ ہمارے کامیاب اور محنتی اساتذہ نے صرف ایک برس میں 1500 سے زائد پیپر پبلش کئے ہیں جس کے باعث سرگودھا یونیورسٹی کا شمار ایشیاء کی 400بہترین جامعات میں ہونے لگا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پوری یونیورسٹی کو ہم نے توانائی کی بچت کے لئے سولر پر منتقل کردیا ہے اور مزید ایسے پراجیکٹس شروع کردئیے ہیں جس کا یونیورسٹی کے ساتھ عوام کو بھی براہ راست فائدہ ہورہا ہے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اظہار حسین ڈائریکٹر ڈاؤ یونیورسٹی آف لائیو سائنسز کراچی کی سربراہی میں وفد نے یونیورسٹی انکوبیشن سنٹر، لائبریری، انڈسٹریل یونٹ سمیت مختلف شعبہ جات‘ لیبارٹریوں اور مختلف سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔

انہوں نے اپنے دورے میں مسرت،خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبہ جات کی منظوری کے لئے درکار سہولیات یونیورسٹی آف سرگودھا میں موجود ہیں تاہم ہماری کونسل اس موقع پر مکمل میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرے گی۔وفد میں ڈائریکٹر ڈاؤ انسٹی ٹیوٹ آف لائیوسائنسز کراچی ڈاکٹر اظہار حسین ، چیئرمین مینجمنٹ سائنسز کامسٹیٹ یونیورسٹی اسلام آبادڈاکٹر عامر رشید ، چیئرمین مینجمنٹ اباسین یونیورسٹی پشاورڈاکٹر وقار عالم ، بحریہ یونیورسٹی اسلام آبادڈاکٹر حنا صمدانی ، سی ای او ابوجنید گروپ سرگودھاجنید ظہیر ملک اوراسسٹنٹ منیجر نیشنل بزنس ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل اسلام آباد عثمان علی جدون شامل تھے۔

وفد کے ارکان کو وائس چانسلر نے یادگاری سو ینیئربھی پیش کئے۔