شہرہ آفاق شاعرہ پروین شاکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستانی سفارت خانہ ابوظہبی کے زیر اہتمام "گل پروین" کے عنوان سے تقریب کا انعقاد

پیر 16 دسمبر 2024 19:01

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2024ء) پاکستانی سفارتخانہ ابوظہبی نے لیجنڈری پاکستانی شاعرہ پروین شاکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے "گل پروین" کے عنوان سے ایک یادگار تقریب کا انعقاد کیا۔چائے شائے ریستوران اور کافی شاپ عجمان کے تعاون سے پاکستانی کھانوں، فن اور شاعری کو فروغ دینے کے لیے یہ خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس نے شاعری، موسیقی اور روایتی پاکستانی کھانوں کے حسین امتزاج کے ساتھ پاکستان کی ایک بلند پایہ ادبی شخصیت پروین شاکر کی لازوال ادبی میراث کو بھرپور انداز میں منانے کا موقع فراہم کیا ۔

اس ادبی شام میں پروین شاکر کی بے مثال شاعری اور دل کو چھو لینے والے اشعار پڑھے گئے اور ان کے کام کو ایک روح پرور موسیقی کے ساتھ خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ پاکستان کے بھرپور ذائقوں کے حامل لذت بخش پکوان بھی پیش کئے گئے۔

(جاری ہے)

سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم اردو زبان کے شعراء اور دیگر ممتاز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی جس نے اس موقع کو ادب سے لگائو رکھنے والوں ، آرٹ کے مداحوں اور کمیونٹی کے لیے مزید خاص بنا دیا۔

اس تقریب میں پروین شاکر کی ناقابل فراموش شاعری کی زبردست پذیرائی کی گئی جنہوں نے اپنے مخصوص لب و لہجے ،محبت کے جذبات ، زندگی کی پیچیدگیوں اور صنفی احساسات پر مبنی کلام کے ذریعے دنیا بھر کے قارئین کو متاثر کیا۔ چائے شائے کی مالک ڈاکٹر نور الصبا نے کہا کہ ہمیں پروین شاکر کی غیر معمولی میراث کا احترام کرنے پر فخر ہے جن کی شاعری وقت، ثقافت اور سرحدوں سے ماورا ہے۔

ڈاکٹر نور الصبا نے کہاکہ یہ تقریب ادب میں ان کی نمایاں شراکت کو دلی خراج تحسین ہے اور ہم پاکستانی سفارت خانے کے شکر گزار ہیں کہ اس نے اس پر وقار تقریب کے لیے ہمارے ساتھ شراکت کی۔متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے معروف شاعرہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کے ادبی ورثے میں پروین شاکر کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے ڈاکٹر نور الصبا اور ان کی ٹیم کے ارکان کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ مجھے اس شام کا حصہ بن کر خوشی ہوئی ہے جو پروین شاکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی، ایک شاعرہ جن کے الفاظ دنیا بھر کے لوگوں کے ذہنوں میں گونجتے رہتے ہیں۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ "چائے شائے" نے ایک ناقابل فراموش تجربہ تخلیق کرنے کے لیے شاعری، موسیقی اور کھانوں کو ایک ساتھ پیش کرنے میں ایک قابل ذکر کام کیا ہے۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شاعروں کا اردو مشاعرہ بھی پیش کیا گیا جنہوں نے اپنے دلفریب اشعار سے سامعین کو محظوظ کیا۔