لسبیلہ میں کینسر کے بڑھتے کیسز ،بڑی وجہ گٹکا اور ماوا کا با آسانی فراوانی ہے، سماجی تنظیم وانگ

پیر 6 جنوری 2025 22:57

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2025ء) لسبیلہ میں کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بڑی وجہ گٹکا اور ماوا کا با آسانی فراوانی ہے، جس کے خلاف سخت کارروائی کی اشد ضرورت ہے۔ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کمیٹی لسبیلہ میں گٹکا مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کرے۔یہ بات سماجی تنظیم وانگ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہی گئی۔ بیان میں ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کمیٹی کی منشیات کے خلاف اقدامات کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ گٹکا اور ماوا کی تیاری میں ملوث فیکٹریوں کا مکمل خاتمہ کرنے کے لئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

وانگ کے مطابق، صرف اجلاسوں، ہدایات، اور آگاہی مہمات سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ کمیٹی کے تمام ممبران کو اپنے اختیارات اور وسائل کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے فوری کارروائی کرنی چاہیے تاکہ منشیات سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

وانگ نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے لسبیلہ میں سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے سرگرم ہے اور انسدادِ منشیات کی کمیونٹی موبلائزیشن اور حکومتی اداروں کے ساتھ ایڈووکیسی کرتی رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ گٹکا اور ماوا جیسے مضر صحت نشے کے خاتمے کے لیے صرف صارفین کو نشانہ بنانا ناکافی ہوگا۔ اس وقت تک کوئی پائیدار نتیجہ حاصل نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ ان اشیاء کی تیاری اور تقسیم میں ملوث فیکٹریوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کی جائے وانگ نے کہا کہ اگر کمیٹی کے شامل ممبران پولیس، کوسٹ گارڈز، ایف سی، اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ اور مربوط اقدامات کریں تو ان فیکٹریوں کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔وانگ نے امید ظاہر کی کہ عملی اقدامات کے ذریعے ان برائیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :