چنے اور مسور کے کاشتکاروں کو پہلی گوڈی کاشت کے 30 سے40 دن بعد کرنے کا مشورہ

منگل 7 جنوری 2025 16:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوچنے اور مسور کی فصلوں میں جڑی بوٹیوں کے انسداد کے متعلق فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ چنے اور مسور کی فصل میں جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے غیر کیمیائی اور کیمیائی دونوں قسم کے طریقے اپنائے جاسکتے ہیں تاہم غیر کیمیائی طریقوں میں گوڈی کے ذریعے جڑی بوٹیوں کا مؤثر انسداد بھی کیا جاسکتاہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ پہلی گوڈی کاشت کے30سے40 دن بعد جبکہ دوسری گوڈی بجائی کے70 سے80 دن بعد کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ گوڈی سے نہ صرف جڑی بوٹیاں تلف ہوتی ہیں بلکہ زمین میں وتر دیر تک محفوظ ہوجاتاہے اور زمین نرم اور بھربھری ہونے کی وجہ سے پودوں کی نشوونما اچھی ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خشک گوڈی کے ذریعے چنے اور مسور کی بیشتر جڑی بوٹیوں کو مؤثر طریقے سے تلف کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جڑی بوٹیوں کے انسداد کیلئے کیمیائی طریقہ انسداد بھی مؤثر ثابت ہوتاہے لیکن کیمیائی زہروں کا استعمال محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی توسیع عملہ کے مشورہ سے کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ سفارش کردہ زہروں کا استعمال محکمہ کی مشاورت کے مطابق ہی کریں تاکہ بعد میں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :