ماہرین زراعت کا کاشتکاروں کو کماد کی بوائی کیلئے 3یا 4آنکھوں والے سموں کی کاشت کامشورہ

بدھ 8 جنوری 2025 12:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) شوگر کین ریسرچ انسٹیٹیوٹ آری فیصل ۱ٓباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کوکماد کی بہاریہ فصل کے لیے بیج کے انتخاب اور شرح بیج کے بارے میں سفارش کی ہے کہ کماد کی بوائی گنے ہی سے کاٹے ہوئے 3یا4 آنکھوں والے ٹکڑوں (سموں) کے ذریعے کی جائے اور ہمیشہ صحت مند، بیماریوں اور کیڑوں سے پاک فصل سے بیج کا انتخاب کیا جائے نیز بیج بناتے وقت بیماراور کمزور گنے چھانٹ کر الگ نکال دینے چاہئیں خاص طورپر ایسے کھیت سے بیج ہرگز نہ رکھا جائے جس میں رتہ روگ کی بیماری موجود ہو۔

علاوہ ازیں ہمیشہ یک سالہ فصل کا بیج منتخب کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ بیج کے لیے گنے کا اوپر والا حصہ استعمال کیا جائے کیونکہ اس سے اگاؤ اچھا ہوگاتاہم گری ہوئی فصل کا بیج ہرگز استعمال نہ کیاجائے اور آنکھوں کو زخمی ہونے سے بچانے کے علاوہ بیج کے لیے گنے کو درانتی یا پلچھی سے نہ چھیلا جائے بلکہ ہاتھوں سے کھوری اتار ی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ سموں پر کھوری یا سبز پتوں کا غلاف نہیں ہونا چاہیے ورنہ اگاؤ کم ہوسکتاہے اور دیمک لگنے کا بھی خطرہ رہتاہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بروقت کاشت اور دیگر موزوں حالات میں فی ایکڑ4 آنکھوں والے 13 تا15ہزار سمے یا 3آنکھوں والے 17 تا20 ہزار سمے ڈالنے چاہئیں یہ تعداد تقریباً 100 تا120 من بیج سے حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کاشت میں تاخیر ہوجائے یا زمین کی صحیح تیاری نہ ہو تو بیج کی مقدار میں 10تا15 فیصد اضافہ کردینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کماد کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے بھاری میرا زمین جس میں پانی کا نکاس ہو موزوں ترین ہے لیکن کماد میرا اور ہلکی زمین پر بھی کاشت کیا جاسکتاہے نیزکماد کی فصل مونجی کے وڈھ میں اور کپاس کے بعد بھی کاشت کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصلات کی برداشت کے بعد روٹا ویٹر یا ڈسک ہیرو چلا کر پچھلی فصل کی باقیات کو زمین میں ملادیں بعد میں کم گہری 8 تا10 انچ والی کھیلیوں کیلئے دومرتبہ کراس چیزل ہل یا ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل ضرور چلائیں اور اگرزیادہ گہری کھیلیاں 18 انچ بنائی ہوں تو سب سائیلر کا استعمال کیا جائے اور اس کے بعد زمین کو ہموار کرلیں۔

انہوں نے کہاکہ بعدازاں ضرورت کے مطابق تین چار دفعہ عام ہل چلا کر زمین کو خوب بھر بھرا کر لیں۔ زمین کی بہتر تیاری کیلئے ہر تین سال بعد ایک دفعہ سب سائلر ہل کا استعمال کریں تاکہ زمین کو زیادہ گہرائی تک تیار کیاجاسکے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ ہموار زمین میں گہرا ہل چلا کر مناسب تیاری کے بعد سہاگہ لگایا جائے اور پھر رجر کے ذریعے 10 سے12 انچ کی گہری کھیلیاں چار فٹ کے فاصلے پر بنائی جائیں اور ان میں فاسفورسی اور پوٹاش کی کھادیں ڈالیں تاکہ بہتر فصل کا حصول ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :