گلابی سنڈی کے پیوپے تلف کرنے کیلئے کاشتکاروں کو خالی کھیتوں میں گہرا ہل چلانے کی ہدایت

بدھ 8 جنوری 2025 12:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت فیصل آباد ڈویژن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹراسرارارشدنے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ خالی کھیتوں میں گہرا ہل چلا کر سنڈیوں کے پیوپے تلف اور کپاس کی آئندہ فصل کو گلابی سنڈی کے حملہ سے بچانے کیلئے کپاس کی چھڑیوں کی کٹائی اور تلفی کا عمل 31 جنوری تک ہر صورت مکمل کر لیں نیزکھیتوں اور سڑکوں کے کنارے پڑی کپاس کی چھڑیوں کو الٹ پلٹ کر کے اَن کھلے ٹینڈوں اور کچرے کو بھی تلف کر دیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ جننگ فیکٹریوں کے مالکان بھی کچرے کی تلفی کو یقینی بنائیں تاکہ گلابی سنڈی کے پیوپے تلف ہو سکیں۔انہوں نے کہاکہ کپاس کی فصل کو پاکستان کی معیشت میں ایک اہم مقام حاصل ہے تاہم گلابی سنڈی کپاس کے پھولوں، ڈوڈیوں اور ٹینڈوں کا نقصان کر کے نہ صرف پیداوار میں کمی کا سبب بنتی ہے بلکہ اس کی وجہ سے کپاس کی روئی داغدار ہو جاتی ہے اور اس کا معیار بھی گرجاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ سنڈی سردیوں کا موسم دو بیجوں کو جوڑ کر ان کے اندر یا آخری چنائی کے بعد بچ جانے والے ان کھلے ٹینڈوں یا جننگ فیکٹریوں کے کچرے کے اندر گزارتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کپاس کی بے موسمی اگیتی کاشت کی وجہ سے کپاس کی گلابی سنڈی زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے جو با آسانی فروری مارچ کی کاشتہ فصل پر منتقل ہو سکتی ہے۔