سیکرٹری زراعت پنجاب کی زیر صدارت کپاس کی کاشت کے پلان کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ایگریکلچر ہائوس لاہور میں اجلاس کا انعقاد

جمعرات 9 جنوری 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کپاس کی کاشت کے پلان کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ایگریکلچر ہائوس لاہور میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر انجم علی اور ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید،نوید عصمت کاہلوں اور ڈاکٹر عبدالقیوم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس کے بغیر ملکی معیشت کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا، کپاس کی اگیتی اور موسمی کاشت کے لئے بھرپور اگاہی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے لیے ترجیحاً ٹرپل جین اقسام کاشت کرائی جائیں گی، کپاس کی کاشت کے لیے صرف سفارش کردہ اقسام کا منظور شدہ بیج استعمال کرایا جائے گا، خالی زمینوں پر کپاس کی اگیتی اقسام کی کاشت کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں اگیتی فصل سے زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے، اگیتی کاشتہ کپاس پر پیداواری اخراجات بھی کم آتے ہیں اور اس پر کیڑوں اور بیماریوں کا حملہ بھی کم ہوتا ہے، آلو اور کماد کی فصلوں سے خالی ہونے والی زمینوں پر کپاس کی کاشت بارے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :