قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ، فٹ بال فیڈریشن اور کبڈی فیڈریشن کے امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 10 جنوری 2025 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے وفاق،صوبے اور ضلعی سطح پر حالیہ انتخابات کے حوالے سے تیاری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ وہ آئندہ اجلاس میں انتخابی ووٹروں کی اہلیت، اپیلوں پر کیے گئے فیصلوں اور سپریم کورٹ کے احکامات کے بارے میں تفصیلات پیش کریں۔

کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین کمیٹی محمد ثناء اللہ خان مستی خیل کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ ایجنڈا کے بارے میں ایک تفصیلی اور بہتر تیار کردہ بریفنگ 15 دنوں کے اندر فراہم کرے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کمیٹی نے پی ایف ایف اور پاکستان سپورٹس بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ بریفنگ/ورکنگ پیپرز اگلے کمیٹی اجلاس سے کم از کم تین دن پہلے فراہم کریں۔کمیٹی نے پاکستان کبڈی فیڈریشن (پی کے ایف) کے نمائندے کو ہدایت کی کہ وہ پی کے ایف کے صدر کو کمیٹی کی ہدایات پہنچائیں اور ان کی موجودگی کو اگلے اجلاس میں یقینی بنائیں۔اجلاس میں انجم اکیل خان، سردار محمد یعقوب خان ناصر، محمد اقبال خان، سید سمیع اللہ اور شائستہ خان ایم این ایز کے علاوہ وزارت اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران، سیکریٹری آئی پی سی، نارملائزیشن کمیٹی کے رکن اور کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل نے شرکت کی۔