وزیر اعلی پنجاب نے ملتان میں پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج کا افتتاح کر دیا

جمعہ 10 جنوری 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ملتان میں پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلی نے افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شر کت کی۔ترک معارف انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج کی ننھی بچیوں نے ترک زبان میں خوش آمدید کہا اور گلدستہ پیش کیا۔ترکیہ کے وزیر تعلیم یوسف تاکن ترکیہ کے سفیر معارف انٹرنیشنل سکول فاونڈیشن کے صدربیرل ا یکگن اور دیگر ترک حکام بھی موجودتھے۔

تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے بجائے گئے۔ پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول کے بارے میں دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔وزیر اعلی نے پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول کا دورہ کیا، سکول کی لائبریری اور دیگر شعبے دیکھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب نے معارف انٹرنیشنل سکول ملتان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترک معارف انٹرنیشنل سکول کے افتتاح پر آپ سب کا تاریخی شہر ملتان میں خیر مقدم اعزاز کی بات ہے- ترکیہ کے وزیر تعلیم کی موجودگی دونوں قوموں میں گہری اور پائیدار دوستی کی علامت ہے۔

ترکیہ کے وزیر تعلیم کی موجودگی باعثِ فخر ہے-ترکیہ کے وزیر تعلیم یوسف تیکن کی قیادت اور لگن ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معارف فاونڈیشن کے معزز اراکین کو بھی دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں - انتھک کوششوں نے معارف فاونڈیشن کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔ تعلیم اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے معارف فاونڈیشن کی کاوشیں پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ ویژن کی عکاس ہے-انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی جانب سے، آپ سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں - معارف فاونڈیشن نے خطے کے تعلیمی منظرنامے میں گرانقدر کردار ادا کیا۔

صدر رجب طیب اردوان کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، وہ پاکستان کے حقیقی بھائی ہیں -صدر رجب طیب اردگان کی غیرمتزلزل حمایت نے دونوں قوموں کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت کے وقت ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اپنا اخلاص ثابت کیا ہے- صدر اردگان کے ویژن نے پنجاب اور ملک بھر میں ترقی اور بہتری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔دعا ہے کہ پاک ترکیہ دوستی اور شراکت داری آنے والی نسلوں تک پھلتی پھولتی رہے۔