پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے زیر اہتمام پہلی بحالی کپاس قومی کانفرس 4 فروری کو ہو گی

ہفتہ 11 جنوری 2025 16:14

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2025ء) پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی)کی جانب سے کپاس کی بحالی کے لئے پہلی قومی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کر دیا گیا، جو چار فروری 2025ء کو ملتان میں منعقد ہوگی۔پی سی سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پہلی بحالی کپاس قومی کانفرنس پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کی جانب سے کاٹن کنیکٹ کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے،مزید برآں کانفرنس کیلئے تارا گروپ،فاطمہ فرٹیلائزر سمیت دیگر نجی شعبوں کی معاونت بھی حاصل ہے،کانفرنس ملک میں کپاس کے فروغ کے لئے قومی اتفاق رائے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگی،نجی شعبوں کی کانفرنس کے انعقاد کیلئے بھرپور حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ کپاس کی صنعت کی بحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سنجیدہ اور پُرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی سی سی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کانفرنس کے انعقاد کا مقصد کپاس کی پیداوار اور ویلیو چین کے مسائل کا جامع حل تلاش کرنا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ کپاس کی بحالی کے لئے پائیدار حکمت عملی وضع کی جا سکے۔ کانفرنس میں انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی واشنگٹن ڈی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایرک اور ڈائریکٹر ٹیکسٹائل آئی سی اے سی کنور عثمان خصوصی شرکت کریں گے۔

کانفرنس حکومت، تحقیقی اداروں، ٹیکسٹائل انڈسٹری، جننگ سیکٹر، سیڈ ، فرٹیلائزر اور پیسٹی سائیڈ کمپنیوں اور دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ مقامی اور عالمی ماہرین کے مابین ایک تعمیری مکالمے کو فروغ دے گی۔پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر یوسف ظفر نے کانفرنس کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کپاس کی بحالی کے لئے تحقیق و ترقی کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا ہے کہ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے،تاکہ نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہو بلکہ کسان خوشحال ہو اور معیشت مضبوط ہو۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ کانفرنس کے انتظامات کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں،جنہیں مخصوص ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں،کانفرنس میں پیش کی جانے والی سفارشات قومی سطح پر کپاس کی بحالی کے لئے ایک روڈ میپ فراہم کریں گی، جو پائیدار ترقی کی بنیاد ڈالے گا، کانفرنس نہ صرف کاٹن انڈسٹری بلکہ پاکستان کی معیشت کے لئے بھی ایک نیا باب ثابت ہو سکتی ہے،پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی اس اہم اقدام کے ذریعے کپاس کے شعبے میں ایک نئے عہد کی شروعات کی امید رکھتی ہے۔