Live Updates

190ملین پاؤنڈز پاکستانی عوام کا پیسا تھا، بانی پی ٹی آئی کو سزا مکافات عمل ہے

القادریونیورسٹی کا نہ کوئی وجود ہے اور نہ ہائیرایجوکیشن سے منظورشدہ ہے، یونیورسٹی کے نام پر پیسے کھائے گئے، یہ اکاؤنٹ آج ڈیفالٹ میں ہے، کیس میں سب کچھ واضح ہوگیا، وزیردفاع خواجہ آصف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 جنوری 2025 19:20

190ملین پاؤنڈز پاکستانی عوام کا پیسا تھا، بانی پی ٹی آئی کو سزا مکافات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جنوری 2025ء) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 190ملین پاؤنڈز پاکستانی عوام کا پیسا تھا، بانی پی ٹی آئی کو سزا مکافات عمل ہے، القادریونیورسٹی کا نہ کوئی وجود ہے اور نہ ہائیرایجوکیشن سے منظور شدہ ہے۔ انہوں نے 190 ملین پاؤنڈز کیس کے فیصلے پر سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں اپنے ردعمل میں کہا کہ 190ملین پاؤنڈز کے بند لفافے کو کابینہ میں کیوں لہرایا گیا؟ حکومتی اکاؤنٹ میں آنے والا پیسا کسی اور کے کھاتے میں ڈالا گیا، چوری کا مال ہڑپ کرنے کیلئے واردات ہو رہی تھی، چورچور کے نعرے لگائے گئے لیکن خود ڈاکے میں ملوث نکلے، چوری شدہ مال پر ان کی آپس میں بھی لڑائی ہونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈز پاکستانی عوام کا پیسا تھا، بانی پی ٹی آئی کو سزا مکافات عمل ہے، القادریونیورسٹی کا نہ کوئی وجود ہے اور نہ ہائیرایجوکیشن سے منظورشدہ ہے، یونیورسٹی کے نام پر پیسے کھائے گئے، یہ اکاؤنٹ آج ڈیفالٹ میں ہے، کیس میں سب کچھ واضح ہوگیا۔

(جاری ہے)

وزیردفاع نے کہا کہ این سی اے نے تحقیقات کرکے حسن نواز کو کلین چٹ دی تھی۔

یاد رہے احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور ان کی اہلیہ مجرمہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنا دی جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ جمعہ کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، 30 دن سے محفوظ فیصلہ سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق القادر یونیورسٹی سرکاری کنٹرول میں دے دی گئی ہے جبکہ القادر ٹرسٹ بھی سرکاری کنٹرول میں دے دیا گیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق القادر یونیورسٹی کو بحق سرکار ضبط کر لیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جبکہ بشریٰ بی بی کو 3 ماہ کی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات