سعود شکیل نے محمد یوسف کا 18 سالہ ریکارڈ برابر کردیا

ملتان سٹیڈیم میں زیادہ ففٹی پلس سکورز بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 جنوری 2025 20:20

ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جنوری 2025ء ) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے محمد یوسف کا 18 سالہ ریکارڈ برابر کردیا ۔ 
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنالیے۔ 
پہلے ٹیسٹ میچ کا ٹاس (دھند) خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوا تاہم امپائرز نے گراؤنڈ فیلڈ کا جائزہ لینے بعد دوپہر 1 بجے ٹاس کوانے اور ڈیڑھ بجے میچ کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 
 پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنیوالے محمد ہریرہ 6، کپتان شان مسعود 11 اور کامران غلام 5، بابر اعظم 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ پانچویں وکٹ پر سعود شکیل اور محمد رضوان نے 97 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرلی ہے، دونوں کھلاڑی اس دوران اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

 
پہلے دن کے اختتام پر سعود شکیل 56 اور محمد رضوان 51 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے 3 جبکہ گداکیش موتی نے 1 وکٹ اپنے نام کی ہے۔ 
سعود شکیل اب ملتان سٹیڈیم میں زیادہ ففٹی پلس سکور بنانے والے پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں محمد یوسف کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، سعود شکیل اب تک ملتان سٹیڈیم میں 4 ففٹی پلس سکورز بنا چکے ہیں ۔ انضمام الحق اس میدان پر 5 ففٹی پلس سکورز (2 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں) کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں ۔ محمد یوسف 4 ففٹی پلس سکورز (3 سنچریاں اور ایک ففٹی ) سکور کرکے سعود شکیل کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے جب کہ انگلینڈ کے بین ڈکٹ 3 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں ۔