کاشتکار فصلوں کی بمپر پیداوار کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں،شہزاد علی ملک

بدھ 22 جنوری 2025 23:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2025ء) چیئرمین پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ کاشتکارملک کو غذائی میدان میں خود کفیل بنانے اور فصلوں کی بمپر پیداوار کیلئے جدید چینی زرعی ٹیکنالوجی استعمال کریں۔بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ نئی ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی حاصل کریں جیسا کہ چاول کی براہ راست مشینی کاشت والے بیج سے پانی کی تقریبا 50 فیصد اور مزدوری میں13 سے37 فیصد تک بچت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی ایس آر طریقہ کاشت تکنیکی و اقتصادی طور پر قابل عمل اور روایتی ٹرانسپلانٹ شدہ چاول کا بہترین ماحول دوست متبادل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاول کی نئی اقسام کی ترقی کے ساتھ ساتھ مناسب انتظامی طریقوں سے ڈی ایس آر کو اپنانے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیڈ پرائمنگ ٹیکنالوجی فصل کے ناقص قیام کے مسئلے سے نجات دلانے میں مدد دے سکتی ہے اور اسے مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کو چاول کی برآمدات میں ہر سال خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے اور چینی منڈیوں میں ٹوٹا چاول کی بھی بہت مانگ ہے۔انہوں نے کہا کہ 53 پاکستانی رائس کمپنیاں چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی منظور شدہ فہرست میں شامل ہیں۔