ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈلز کے 8310متاثرین میں ایلوکیشن لیٹر اور چیک کی تقسیم

جمعرات 23 جنوری 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2025ء) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے نیب لاہور میں پلاٹوں کے ایلوکیشن لیٹر اور چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں مہمان ِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر اسٹیٹ لائف کووآپریٹو ہائوسنگ اور فارمانائیٹس ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈلز کے 8310متاثرین میں70 ارب روپے مالیت کے ایلوکیشن لیٹر اور 97 کروڑ روپے مالیت کے چیک کی تقسیم کا آغاز کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے مذکورہ کیسز میں ہونیوالی ریکوری کو نیب لاہور کی تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری قرار دیا ۔ چیئرمین نیب نے بزنس کمیونٹی کی سہولت اور رئیل اسٹیٹ سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے نیب لاہور میں بزنس سہولت سیل کا افتتاح کیا اور اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کے سہولت سیل کے قیام کی ہدایات بھی جاری کیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل نیب لاہور، امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں نیب لاہورمیں الاٹمنٹ لیٹرز اور چیک تقسیم کرنیکی تقریب منعقد کی گئی جہاں چیئرمین نیب لیفٹینٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ دیگرمہمانوں میں رجسٹر کووآپریٹو ڈیپارٹمنٹ پنجاب اشفاق احمد چوہدری،ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق، چیئرمین لیک سٹی ہولڈنگ گوہر اعجاز، صدر اسٹیٹ لائف کووآپریٹو سوسائٹی کرنل (ر)مبین صفدر، نیب لاہور کے افسران اورہائوسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین نے شرکت کی۔

تقریب میں چیئرمین نیب نے اسٹیٹ لائف کووآپریٹوہائوسنگ سوسائٹی کے 2003 سے پلاٹوں کی ایلوکیشن کے منتظر 6750متاثرین میں70ارب مالیت کے ایلوکیشن لیٹر بذریعہ لیک سٹی ہولڈنگ جاری کئے اور کہا کہ نیب اور کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں سے اسٹیٹ لائف کووآپریٹو سوسائٹی کا لیک سٹی سے الحاق اور تین سال میں ڈویلپمنٹ مکمل کرکے پوزیشن مکمل کیا جائے گا۔

چیئرمین نیب نے 2000سے پلاٹوں کے منتظر فارمانائیٹس ہائوسنگ سوسائٹی کے 1560متاثرین میں 97کروڑ روپے مالیت کے چیک کی تقسیم کا آغاز کیا اور کہا کہ متاثرین میں منافع کی مد میں 50کروڑ کی ادائیگی 2ماہ میں شروع ہوگی۔چیئرمین نیب نے نیب لاہور میں بزنس کمیونٹی کیلئے "بزنس سہولت سیل" کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں رئیل اسٹیٹ ایکٹی وٹیز کو تیز کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اکھٹا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے پراپرٹی سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے لاہور میں سہولت سیل کے قیا م کا فیصلہ کیا ہے تاہم نیب کی کوشش ہے کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے لاہور میں بھی مخصوص عدالت قائم کرے تاکہ ترجیہی بنیادوں پر مسائل حل ہوں۔ ریئل اسٹیٹ سیکٹ کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ 2025رئیل اسٹیٹ کیلئے تبدیلی کا سال ہوگا۔

اس ضمن میں پنجاب میں رئیل اسٹیٹ ایکٹیوٹیز کو تیز کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اکھٹا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں ڈویلپرز اور ریگولیٹرز کے مسائل ایک چھت تلے حل کریں گے تاکہ کسی سکیم کی منظوری اور ڈویلپمنٹ میں تیزی لائی جا سکے۔ انہو ں نے کہا کہ جن کاموں میں ماضی میں سال لگتے تھے ہم ہفتوں میں مکمل کروانے کا عزم رکھتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے اسٹیٹ لائف اور فارمانائیٹس ہائوسنگ سکینڈلز کی تفتیشی ٹیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی نیب لاہور کی نگرانی میں افسران نے انتہائی محدود وقت میں حل کیا جو قابلِ تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر مذکورہ کیسز کا حل نکالا ہے اور دہائیوں سے تصفیہ طلب مسئلہ میں عوام کے نقصانات کا منافع کیساتھ ازالہ کرایا ہے۔ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب لاہور نے گذشتہ دو سالوں کے دوران پانچ تقاریب کے ذریعہ 26ہزار متاثرین میں 12ارب روپے تقسیم کئے ہیں۔ نیب لاہور کی کوششوں کے باعث لاہور سے اوپن فائل سسٹم کا خاتمہ کیا گیا ہے۔

ماضی میں ڈویلپرز بغیر کسی روک ٹوک اور حساب کتاب کے فائلیں بیچتے رہے ہیں ۔ آئندہ ''روڈا''اور دیگر ریگولیٹرمخصوص تعداد میں سکیورٹی پیپرز کا اجرا کریں گے۔ نیب کی کاوشوں سے ڈی جی ایل ڈی اے، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور روڈا افسران پرمشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو ہائوسنگ کیسز میں پیش رفت کیلئے معاون ثابت ہوگی۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین نیب نے اسٹیٹ لائف کووآپریٹو ہائوسنگ اور فامانائیٹس ہائوسنگ سوسائٹیز کے پیچیدہ کیسز کو حل کرنیوالی کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیموں کو تعریفی اسناد پیش کیں اور رجسٹرار کووآپریٹو پنجاب کو سوسائٹی کے کامیابی سے الحاق پر تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

چیئرمین نیب نے نیب لاہور میں بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے قائم کئے گئے "بزنس سہولت سیل"کا افتتاح کیا۔