چوہدری شافع حسین سے شہباز اسلم کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد کی ملاقات

جمعہ 24 جنوری 2025 23:31

چوہدری شافع حسین سے شہباز اسلم کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر شہباز اسلم کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سوشل سکیورٹی،لیبر،ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر اداروں سے متعلقہ صنعتکاروں کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔وفدنے فیروز پور روڈ پر واقع انڈسٹری کے لئے فیروزپور روڈپر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا مطالبہ کیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صنعتکاروں کا نمائندہ ہوں،ان کے جائز مسائل کا حل میری ذمہ داری ہے،ادارے صنعتکاروں کو کسی صورت تنگ یا حراساں نہ کریں۔صنعتکار تحفظ ماحولیات کے ایس او پیز اور کم سے کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

فیروز پور روڈ پر واقع انڈسٹری کے مالکان انڈسٹری میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب یقینی بنائیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب میں سولر پینلز کی مینوفیکچرنگ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔صنعتکار اپنی انڈسٹری کو سولر انرجی پر منتقل کریں جس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔پنجاب کی انڈسٹریل اسٹیٹس کی سوفیصد آباد کاری حکومت کی پالیسی ہے۔انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے جاری پراپرٹی کے کاروبار کو بند کرایا ہے جن پلاٹوں پر سالوں سے کارخانے نہیں لگے،انہیں منسوخ کیا جارہا ہے، اب تک 320پلاٹس منسوخ کئے جاچکے ہیں۔

اب انڈسٹریل اسٹیٹس میں وہی پلاٹ حاصل کرسکے گا جو وہاں کارخانہ لگائے گا۔وزیرصنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز سے مختلف کاروباری سرگرمیوں کے لئے این او سیز تیزی جاری ہورہے ہیں۔چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے 10لاکھ سے 3کروڑ روپے تک بلاسود قرضے دئیے جارہے ہیں۔صوبائی وزیرنے صنعتکاروں کے مطالبے پر فیروز پور روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی۔

صوبائی وزیر نے لیسکو کے حکام کو انڈسٹری کیلئے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔اراکین وفد نے صوبائی وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ سے مل کر بے حد خوشی ہوئی،جیسا سنا تھا ویسا ہی آپ کو پایا۔آپ سے ملاقات کے بعد صنعتکاروں کے مسائل کے حل کی امید پیدا ہوئی ہے۔سیکرٹری لیبر،ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،ڈی جی انڈسٹریز،ایڈیشنل ڈی جی محکمہ تحفظ ماحولیات اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :