محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو کریلے کی اگیتی فصل کی کاشت کیلئے ساڑھے3 کلو بیج فی ایکڑ استعمال کرنے کی سفارش

منگل 28 جنوری 2025 15:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کریلے کی اگیتی فصل کی کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمدنے کہاکہ کاشتکار وں کو چاہیے کہ وہ اچھی روئیدگی والا ساڑھے 3سے پونے 4کلوگرام سفارش کردہ بیج پھپھوند کش دوائی لگاکر فی ایکڑ استعمال کریں اور دوائی کی شرح 2سے 3کلوگرام بیج تک ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کریلے کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین کا انتخاب بھی ضروری ہے نیز زمین کی تیزابی خاصیت 7یا اس سے کم اور پانی کا نکاس بھی اچھا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار کریلے کی فصل کی کاشت سے قبل 10سے 12ٹن فی ایکڑ کے حساب سے گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر مٹی پلٹنے والا ہل استعمال کریں تواسکے انتہائی مثبت نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مزید رہنمائی، مشاورت یا معلومات کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :