اقتصادی ترقی کے لئے برآمدی مراعات، کاروبار دوست پالیسیاں ناگزیر ہیں، ناصر منصور قریشی

جمعرات 6 فروری 2025 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت سے نمٹنے کے لئے کاروبار دوست پالیسیاں اپنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو معاشی اصلاحات کے نفاذ اور ریگولیٹری ماحول کو بہتر بنانے پر توجہ دینا ہو گی تاکہ کاروبار کے لئے زیادہ سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے اور طویل مدتی مالی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

جمعرات کو چیمبر کا دورہ کرنے والے کاروباری رہنماؤں سے ملاقات میں ناصر منصور قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ بھاری قرضوں پر انحصار کرنے کی بجائے حکومت کو کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھاوے کو ترجیح دینی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ نقطہ نظر ملک کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات پر عملدرآمد کرے جس سے کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی آئے، بشمول پاور سیکٹر پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنا۔ انہوں نے تجارت اور صنعت کے لئے مراعات کے ذریعے برآمدات کو فروغ دینے کے لئے مضبوط کوششوں اور نئی بین الاقوامی منڈیوں کی تلاش کے ذریعے پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کرنے میں مدد دینے پر زور دیا۔