نوشہرہ میں زندہ دفن نومولود بچی کو بچالیا گیا، بے اولاد جوڑے کے حوالے

نامعلوم شخص بیٹی پیدا ہونے پر اس کی پیدائش کے فوری بعد ہی اسے قبرستان میں زندہ دفن کرکے فرار ہو گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی پیر 10 فروری 2025 11:38

نوشہرہ میں زندہ دفن نومولود بچی کو بچالیا گیا، بے اولاد جوڑے کے حوالے
ًنوشہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں ہنگامی سروس ریسکیو 1122 کے حکام کی جانب سے مقامی قبرستان میں زندہ دفن کی گئی نومولود بچی کو بچا لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم شخص بیٹی کی پیدائش کے فوری بعد ہی اسے زندہ دفن کرکے فرار ہوگیا تھا، تاہم قبرستان میں موجود ایک شخص نے اسے دیکھ کر ہنگامی سروس کو اطلاع دی، جس کے لیے والد کی قبر پر دعا کے لیے جانے والے نوجوان کی جانب سے ریسکیو ادارے کا کال کی گئی، اطلاع ملنے پر ریسکیو سٹیشن آفیسر مالک عمر اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے اور زندہ دفن کی گئی بچی کو ریسکیو کرکے ہسپتال پہنچایا۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ریسکیو اہلکار مالک عمر نے بتایا کہ مجھے ذاتی موبائل نمبر پر ایک جاننے والے نے قبرستان میں ایک چھوٹی تازہ قبر کے بارے میں آگاہ کیا کہ نومولود کے رونے کی آواز آ رہی ہے، اس اطلاع کے فوراً بعد ریسیکو ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے تو دیکھا قبرستان میں قبروں کے درمیان مٹی کی ایک ڈھیری تھی جس کے نیچے سے رونے کی آواز آ رہی تھی، مٹی ہٹانے پر نومولود بچی کو برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچی کو پیدائش کے فوراً بعد بغیر کسی کپڑے کے دفنایا گیا تھا تاہم بچی کی سانسیں چل رہی تھیں جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم بچی سردی لگ جانے کے سبب بیمار تھی، جس کی وجہ سے اس کو ہسپتال میں رکھا گیا اور طبی امداد دی گئی، بعد ازاں بچی کی جان بچا کر اسے بے اولاد جوڑے کے حوالے کر دیا گیا، اس مقصد کے لیے والدین کے نامعلوم ہونے کی وجہ سے بچی کی حوالگی کا کیس عدالت میں لے جایا گیا، بچی کی حوالگی کے لیے ایک سرکاری افسر بھی عدالت پہنچا جو بچی کو گود لینا چاہتا تھا، عدالت نے نومولود بچی کو بے اولاد سرکاری افسر کے حوالے کردیا۔

متعلقہ عنوان :