Live Updates

2 سال سے قید عمر سرفراز چیمہ کو رہائی ملنے کا امکان

9 مئی واقعات کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق گورنر پنجاب کی ضمانت منظور کر لی گئی

muhammad ali محمد علی منگل 17 جون 2025 00:02

2 سال سے قید عمر سرفراز چیمہ کو رہائی ملنے کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2025ء) 2 سال سے قید عمر سرفراز چیمہ کو رہائی ملنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی گئی۔ پیر کے روز انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں نو مئی تھانہ شادمان جلائو گھیراو کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی ایک مقدمہ میں ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر گل نے فیصلہ سنایا۔ عمر سرفراز چیمہ کے وکیل حسن یوسف شاہ دلائل کیلئے پیش ہوئے، عمر سرفراز چیمہ نے جیل ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب 9مئی کے 8مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے درخواست ضمانتوں پر دلائل مکمل کر لیے، لاہور ہائیکورٹ نے منگل کو پراسیکیوشن کو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی کی 9مئی کے 8مقدمات میں درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ پراسیکیوشن کا کیس 15سو افراد پر مشتمل ہے، بانی پی ٹی آئی موقعہ پر موجود نہیں تھے، 9مئی کے واقعہ پر بانی پی ٹی آئی اپنے تحفظات کا اظہار پہلے ہی کر چکے ہیں۔

نیب نے عدالت میں داخل ہو کر بانی پی ٹی آئی کو گرفتار کیا، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ان 8کیسز میں پولیس مدعی ہے، جب بانی پی ٹی آئی گرفتار ہوئے تو 11مئی کو سپریم کورٹ نے انہیں رہا کیا۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 9مئی سے 11مئی تک کسی سے رابطے میں نہیں تھے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں کہ میرے پیچھے کیا ہوا ہے، انہوں نے کہا میں خود کو اس سے لا تعلق کرتا ہوں قانون اپنا راستہ خود لے گا۔

بانی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ 14ماہ تک پراسیکیوشن نے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کی کوئی درخواست نہیں دی، بانی پی ٹی آئی نے پولی گرافک ٹیسٹ نہ کرانے کی جامع وجوہات دیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تاحال چالان نہیں آیا جبکہ سپریم کورٹ نے چار ماہ میں نو مئی کے تمام ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔وکیل نے دلائل دیئے کہ اس کیس میں ایک ملزم اعجاز چودھری ہیں، اعجاز چودھری موقع پر موجود تھے، سپریم کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات