Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا تجاوزات کے خاتمے کی مہم کی زد میں آنیوالے افراد کی بحالی کا بڑا فیصلہ

ٹریفک میں آسانی کیلئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے، کسی کو بےروزگار نہیں کریں گے، ہر شہر میں انسداد تجاوزات مہم کے متاثرہ چھوٹے کاروبار اور ریڑھی والوں کیلئے متبادل جگہ فراہم کی جائیگی، وزیراعلیٰ مریم نواز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 فروری 2025 18:46

وزیراعلیٰ پنجاب کا تجاوزات کے خاتمے کی مہم کی زد میں آنیوالے افراد ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 10 فروری 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کی زد میں آنے والے بے روزگار افرادکی بحالی کا بڑا اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تجاوزات کے خلاف مہم سے متاثرہ چھوٹے کاروبار کی بحالی کا حکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے متعلقہ حکام کو چھوٹے کاربار اور ریڑھی وغیرہ کی بحالی کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ٹریفک میں آسانی کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے، لیکن عام آدمی کو بے روزگار بھی نہیں کریں گے۔ کسی غریب سے روزگار نہیں چھیننا چاہتے۔ بےروزگار ہونے والے افرادکے لئے متبادل انتظام ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر شہر میں انسداد تجاوزات مہم کے متاثرہ افراد کے لئے متبادل جگہ فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انسداد تجاوزات مہم سے متاثرہ افراد کے روزگار کے لئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر شہر میں بے ہنگم تجاوزات کی وجہ سے بازار وں سے گزرنا محال تھا۔ قائد محمد نوازشریف نے تجاوزات سے متاثرہ افراد کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر سپیشل افرادکیلئے معاون آلات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سپیشل افراد کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے منفرد پروگرام کے تحت سپیشل افراد کو آلات کی فراہمی کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے۔پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں نقل و حمل کی صلاحیت سے محروم سپیشل افراد کو ویل چیئر مفت فراہم کی جائے گی۔ ویل چیئر کی فراہمی سے سپیشل افرادکی نقل و حرکت اور رسائی میں آسانی ہوگی۔

سماعت سے محروم افراد کوخصوصی آلہ سماعت فراہم کیا جائے گا۔ آلہ سماعت فراہم کرنے سے سپیشل افراد کی قوت سماعت اور قوت گویائی میں اضافہ ممکن ہوگا۔ معاون آلات کے لئے گھر بیٹھے آن لائن پورٹل adwc.punjab.gov.pk پر اپلائی کیا جاسکتا ہے۔ معذور افرادکا شناختی کارڈ یا بے فارم اور ڈسٹرکٹ ڈس ابیلٹی اسسمنٹ بورڈ کا جاری کردہ معذوری سرٹیفکیٹ درکار ہوگا۔

سپیشل افرادمتعلقہ اضلاع میں ضلعی دفاتر سوشل ویلفیئر سے بھی رہنمائی  حاصل اورمزید رسائی کیلئے خصوصی ہیلپ لائن 1312 پر بھی کال کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سپیشل افراد بہت سپیشل اورقابل قدر ہوتے ہیں۔ سپیشل افرادکی بحالی اور بہتری کا عہد ضرور پورا کریں گے۔ سپیشل افرادکیلئے پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سنٹرپراجیکٹ بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہمت کارڈ کے اجرا کا مقصد سپیشل افراد کومعاشی خود انحصاری کی طرف گامزن کرنا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات