صوبائی وزیر لائیو سٹاک کی زیر صدارت لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ میں اجلاس،محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا

جمعرات 13 فروری 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2025ء) صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سیدعاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ ،جنوبی پنجاب کی دیہی بیوہ و مطلقہ خواتین میں لائیو سٹاک اثاثہ جات کی تقسیم کے منصوبوں پر پیش رفت اور محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے لیے پر عزم ہے۔لائیو سٹاک کارڈ سے نر بچھڑے/کٹٹرے رکھنے والے مویشی پال فارمرز کو 27ہزار فی جانور جبکہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 35ہزار روپے سے 2لاکھ 70ہزار روپے بلا سود قرض کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

دو سالوں میں زیادہ سے زیادہ 80ہزار مویشی پال کسانوں کو 4لاکھ جانور دیئے جائیں گے۔اب تک 12ہزار 863کارڈ کسانوں نے وصولی کر لیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ کی فارمرز کو بروقت ڈلیوری کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔تمام ڈویژنز میں تعینات ڈائریکٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر بذات خود لائیو سٹاک کارڈ ڈلیوری سنٹرز کے دورے کرنے کے احکامات جاری کئے۔

ایسے فارمرز جن کے کارڈز سنٹرز پر پہنچ گئے ہیں اور وہ کارڈ وصولی کے لیے نہیں آرہے،ان سے رابطہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ مویشی پال فارمرز کو لائیو سٹاک کارڈ کے آنے والے تمام مراحل ٹیگنگ،ویکسینشن اور ان سیمنیشن کے بارے میں آگاہ کرنے گا تاکہ مویشی پال کسانوں کو اس حوالے سے کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔انہوں نے تنبیہ کی کہ کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 12اضلاع کی 55 سال تک عمر کی دیہی خواتین کو دو سالوں میں تقریبا 11ہزار جانور(جھوٹیاں/ویہٹریاں) تقسیم کی جائیں گی۔ اب تک اربن یونٹ کی جانب سے 11 ہزار 882 درخواستوں کی تصدیق کی جا چکی ہے جبکہ 412 جانور خواتین میں تقسیم ہو گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جانوروں میں منہ کھر بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے جلد حکمت عملی وضع کی جائے۔انہوں نے منہ کھر بیماری کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ویکسین کی پیداواری صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :