سعودی عرب کے ساتھ معاشی تعلقات بڑھانے کے لئے تیار ہیں ، ایران

پیر 17 فروری 2025 09:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2025ء) ایران نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ اردو نیوز کے مطابق یہ بات ایران کے وزیر خزانہ و معاشی امور عبدالنصر ہمتی نے سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں ’ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز کانفرنس‘ کے موقع پر ایک انٹرویو میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات بڑھانے کے لیے تیار ہے،تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے مخصوص معاہدے ضروری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران باہمی معاشی تعلقات و سرمایہ کاری میں اضافے اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لیے تیار ہے ، ہمیں ہر ایک سے بہتر تعلقات رکھنے چاہئیں۔ایرانی وزیرخزانہ نے کہا کہ تجارت شروع کرنے اور بڑھانے کے لیے ہمیں چند معاہدوں کی ضرورت ہے، بنیادی معاہدہ دوہرے ٹیکسوں کو ختم کرنے، دو طرفہ سرمایہ کاری اور کسٹمز رولز کے بارے میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پڑوسی ممالک بشمول سعودی عرب، قطر اور اومان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے ایرانی عزم کو اجاگر کیا۔عبدالنصر ہمتی نے بیرونی مداخلت کے خلاف خطے کے ممالک کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی خودمختاری کو قائم رکھنے اور استحکام کے لیے مضبوط معاشی تعاون بہت ضروری ہے۔\932