سعودی وزیرِ دفاع اور پینٹاگون کے سربراہ کا ٹیلی فونک رابطہ، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

پیر 17 فروری 2025 09:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2025ء) سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نےکہا کہ انہوں نے امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ سے دوطرفہ باہمی تعلقات پر بات چیت کی۔ایکس پر پوسٹ میں شہزادہ خالد نے کہا کہ فون کال کے دوران حکام نے تزویری اہمیت کے حامل دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقے تلاش کئے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو آگے بڑھانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

شہزادہ خالد نے کہا کہ انہوں نے پینٹاگون کے سربراہ ہیگستھ کو امریکی صدر کی انتظامیہ میں ان کے نئے کردار پر مبارکباد پیش کی۔پینٹاگون کے پریس سیکرٹری جان اولیوٹ نے ایک بیان میں کہا کہ تعارفی فون کال کے دوران دونوں عہدیداروں نے امریکااور سعودی عرب کے درمیان اہم دفاعی شراکت داری کی توثیق کی۔اولیوٹ نے مزید کہا کہ سیکرٹری نے علاقائی سلامتی کے لیے سعودی عرب کے تعاون کا خیرمقدم کیا اور مشترکہ چیلنجز پر مسلسل تعاون کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔