سیالکوٹ،لائیو سٹاک حکام کو مویشیوں کو موذی امراض سے بچانے کے لئے آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت

منگل 18 فروری 2025 12:31

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2025ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ ڈاکٹر محمد وسیم نے کہا کہ جانوروں کی بہتر افزائش غذائی استحکام اور لوگوں کی گوشت، دودھ اور خوراک کی ضروریات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے مویشی پال حضرات سے ملاقات کے دوران کہا کہ مقامی مختلف النسل جانوروں کی خصوصیات جینیاتی ذرائع سے منتقل کر کے غذائی استحکام کے ساتھ ساتھ مویشی پالنے والے کسانوں کے ذرائع آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سلسلہ میں مویشی پال حضرات اور لائیو سٹاک فارمرز کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں ہر ممکن رہنمائی سے بھی مستفید کیا جائے تاکہ وہ بہتر نتائج فراہم کرسکیں ،محکمے کے عملہ کو جانوروں کی ویکسی نیشن کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام لائیو سٹاک حکام کو مویشی پال حضرات کی مکمل رہنمائی کرنے اور مویشیوں کو موذی امراض سے بچانے کے لئے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کا انحصار زراعت اور لائیو سٹاک کی پیداوار میں اضافہ سے منسلک ہے لہٰذا اس ضمن میں دودھ اور گوشت کی پیداوارمیں اضافہ اور جانوروں کو فربہ کرنے کےلئے غذائیت سے بھر پور چارے کی بروقت فراہمی بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :