ایف سی کرم ملیشیا کے کمانڈنٹ کی سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ،5 اہلکار شہید،4زخمی

منگل 18 فروری 2025 23:28

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2025ء) قبائلی ضلع کرم کی لوئرتحصیل کے علاقہ بگن میں فرنٹیئر کور(ایف سی) کرم ملیشیا کے کمانڈنٹ کی سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر نامعلوم شرپسندوں کی اندھادھندفائرنگ سے ایف سی کی5 اہلکار شہید اور4 دیگر شدیدزخمی ہوگئے تاہم کمانڈنٹ محفوظ رہے۔باخبر ذرائع اور مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز نامعلوم شرپسندوں نے بگن کی حدودمیں کرم ملیشیا کے کمانڈنٹ حیدر عباس اور ان کے ہمراہ سیکیورٹی گارڈز کی گاڑیوں پرشام چھ بجے اس وقت فائرنگ کردی جب وہ اشیائے خوردونوش کی درجنوں گاڑیوں پر حملہ آوروں کی فائرنگ کے بعدانہیںلوٹ مار سے روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم شرپسندوں کی اندھا دھند فائرنگ پانچ اہلکار زخمی ہوگئے جس کے بعد ایف سی کی کوئک ریسپانس فورس کی گاڑیوں پربگن کی حدودمیں حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 4جوان موقع پر شہید ہوگئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد شہید اورزخمی اہلکاروںکو سی ایم ایچ ٹل پہنچادیا گیا جہاں ایک اوراہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوے شہادت کے مرتبہ پر فائز ہوگیا۔

اس طرح اس واقعہ میں مجموعی طورپرپانچ جوان شہیداور چاردیگر زخمی ہوگئے۔شہادت پانے والوں میں لانس نائیک قابل خان ‘ لانس نائیک عبدالرحمن زدران سکنہ صدہ ‘لانس نائیک یاسین ‘سپاہی ثقلین اور سپاہی دانش شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پیر کے روزلوئرکرم کے علاقہ اوچت کی حدودمیں نامعلوم شرپسندوں نے پارہ چنار جانے والی مال بردار اور مسافرچھوٹی بڑی گاڑیوں کے قافلے پر ہلکے وبھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار اور ایک ٹرک ڈرائیورسمیت دو افراد جاںبحق جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکاراورخاتون سمیت 7دیگر زخمی ہوگئے تھے۔