سیوریج اور سنیٹیشن نظام میں بہتری کے لیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں ، صوبائی وزیر

منگل 18 فروری 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2025ء) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق کرمانی کی زیر صدارت پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی ہیڈ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔جس میں چیئرمین پی ایم ڈی ایف سی عماد افتخار ملک ،ایم ڈی سید زاہد عزیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین پی ایم ڈی ایف سی عماد افتخار ملک نے صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبہ کیلئے سیوریج نظام کے لیے انقلابی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کمپنی کے تحت جاری سیوریج اور دیگر منصوبوں پر تفصیلا آگاہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے صوبہ بھر کے لیے سیوریج اور سنیٹیشن کے نظام میں بہتری کے لیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جامع سیوریج نظام کے تحت ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا پانی زرعی شعبے کے لیے زیراستعمال لانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے پی ایم ڈی ایف سی کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کمپنی نے سیوریج سے متعلقہ مسائل میں خاطر خواہ کمی کے لیے اچھا کام کر رہی ہے۔کمپنی کے تحت بارشی پانی کے سٹوریج اور نکاسی کے لئے انڈر گراونڈ واٹر ٹینکس کا منصوبہ قابل تحسین ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پنجاب کا ہر شہر آئندہ دو سالوں میں بہترین سہولیات سے آراستہ ہو جائے گا۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کمپنی کو شہریوں کو سیوریج اور سینیٹیشن کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے بھر پور مہم چلانے کی ہدایت کی۔ چیئرمین پی ایم ڈی ایف سی عماد افتخار ملک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے میں میونسپل سروسز خصوصا سیوریج نظام کی ایمپورومنٹ کے لئے کام جاری ہے۔ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت سولہ شہروں میں پارکس، روڈز اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے پراجیکٹس کامیابی سے مکمل کئے جا چکے ہیں۔ایم ڈی سید زاہد عزیز نے اس موقع پر کہا کہ انڈر گراونڈ واٹر سٹوریج ٹینکس کے ذریعے شہر کے پارکس میں آبپاشی کے لیے پانی استعمال ہو سکے گا۔