گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد کی نئے سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار ملک سے ملاقات

بدھ 19 فروری 2025 15:23

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2025ء) گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی کابینہ و ممبران کے وفد نے صدر جی بی این ایس ارشد ولی کی قیادت میں نئے سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار ملک سے ملاقات کی ۔اس موقع پر گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جانب سے نئے سیکرٹری اطلاعات کو چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار ملک سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مقامی اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے بارے میں سکیرٹری اطلاعات کو آگاہ کیا گیا سیکرٹری اطلاعات دلدار ملک نے گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نمائندہ وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو ریاست کی چوتھے ستون کی حیثیت حاصل ہے مضبوط اور آزاد میڈیا ریاست کی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے،گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے ساتھ سے ملکر مقامی اخباری صنعت کے مسائل کم کرنے کے لیے بھر پور کوشش کرینگے ،میڈیا ریاست کی تعمیر وترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ،باہمی اتفاق رائے اور مشاورت سے مقامی اخباری صنعت میں اصلاحات لاکر بہتری لانے میں کردار ادا کرینگے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار ملک نے مقامی اخباری صنعت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے اخبارات اصلاحی صحافت کو فروغ دے رہے ہیں جو کہ خوش آئند اقدام ہے، مقامی اخباری صنعت کے ساتھ مل کر ریاست کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف قدم اٹھایا جائے گا۔اس موقع پر صدر گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی ارشد ولی اور مشیر جی بی این ایس راجہ شاہ سلطان نے بات جیت کرتے ہوئے کہا کہ نئی میڈیا پالیسی کی منظوری قوانین میں تبدیلی سے ہی مقامی اخباری صنعت کی ترقی ممکن ہے جس پر سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ جلد میڈیا پالیسی کی منظوری کے لیے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرکے سفارشات صوبائی کابینہ کو ارسال کریں گے، اس حوالے سے جلد میٹنگ رکھیں گے اور اگلے کیبنٹ اجلاس میں ڈرافٹ تیار کر کے پیش کرنے کی کوشش کرینگے۔

اس ملاقات میں گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری منظور حسین ،سیکرٹری اطلاعات امتیاز گلاب بگورو اور سابق صدر گلگت بلتستان نیوز پیپرز گوہر ایوب بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :