پاکستان کی ترقی کے اس سفر کومستقل اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا نا ضروری ہے، صدرفیصل آباد چیمبر

پیر 24 فروری 2025 14:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں چل پڑی ہے تاہم اس کو بار بار ترقی اور پھر زوال کے چکر میں پھنسنے سے بچا کر مستقل اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا نا ضروری ہے۔ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اپنی 50سالہ گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس کی میزبانی بھی کر رہا ہے تاکہ ملکی معیشت کی بحالی کیلئے بزنس کمیونٹی میں اعتماد و اتفاق کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ آج تاریخی موقع ہے کیونکہ فیصل آباد چیمبر ملک کا پہلا مکمل ڈیجیٹل چیمبر بن گیا ہے اس سلسلہ میں ایس ایم ایس ایپ متعارف کر ا دی گئی ہے جس کے ذریعے چیمبر کے ممبر تمام سہولتیں آن لائن حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے حقیقی سٹیک ہولڈرز سے مشاور ت کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ پالیسی ریٹ، افراط زر میں کمی اور برآمدات میں واضح بہتری نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں برآمدات کو 100ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے مگر اس مقصد کیلئے حکومت کو نوجوانوں کو سافٹ وئیر کی برآمد کا سرمایہ جائز چینل سے ملک میں لانے کی سہولت فراہم کرنا ہو گی۔