سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تین روزہ صنعتی نمائش کااختتام

پیر 24 فروری 2025 17:06

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2025ء) سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تین روزہ صنعتی نمائش ختم ہوگئی ۔ نمائش کے آخری روز کمشنر سرگودھا جہانزاب اعوان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم سمیت دیگر حکام نے نمائش کا دورہ کیا۔ انہوں نے نمائش میں خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کپڑے، دستکاری اور کھانے پینے کی اشیاء کے مختلف سٹالز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

کمشنر جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر نے ویمن چیمبر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں خواتین کو نہ صرف معاشی استحکام فراہم کرتی ہیں بلکہ انہیں اپنے کاروبار کو فروغ دینے اور نئے مواقع تلاش کرنے کا پلیٹ فارم بھی فراہم کرتی ہیں۔ اس موقع پر سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی چیئرپرسن شمیم ​​آفتاب نے کمشنرسرگودھا کو نمائش کے مقاصد سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نمائش کا مقصد خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنا، ان کے کاروباری خیالات کو حقیقت میں بدلنا اور انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانا ہے۔ شمیم آفتاب نے کہا کہ خواتین کی معاشی ترقی ملک کی مجموعی ترقی سے منسلک ہے۔ نمائش میں ٹیوٹا اور دیگر صنعتی اداروں نے مختلف سٹالز لگائے ۔ نمائش کے تینوں روز تاجروں، طلباء اور شہریوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمائش کا مقصد خواتین کو مختلف سیشنز اور ورکشاپس کے ذریعے کاروباری مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا۔