کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارےتربیتی سیشن کا انعقاد

منگل 25 فروری 2025 19:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2025ء) پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی) کے زیر اہتمام سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے موضوع پر ایک روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد کیا گیا۔ زرعی ماہرین سمیت، نجی و سرکاری اداروں کے افسران اور کاشتکاروں نے کورس میں بھرپور شرکت کی۔ اس تربیتی سیشن کا مقصد بیجوں کے انتخاب، کیڑوں کے انسداد، موسمیاتی چیلنجز اور فائبر کے معیار کو بہتر بنانے کے طریقوں پر جامع آگاہی فراہم کرنا تھا۔

اس موقع پر اپنے ورچوئل خطاب میں نائب صدر پی سی سی سی ڈاکٹر یوسف ظفر نے ملک میں کپاس کی گرتی ہوئی پیداوار پر تشویش کا اظہار کیا اور ریفریشر کورس کو کپاس کی بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی کا مقصد منافع بخش پیداوار میں اضافہ اور جدید زرعی تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کپاس کی زرعی ضروریات اور تحقیق کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

بعد ازاں کپاس کی جدید اقسام کی افزائش اور معیاری بیجوں کے انتخاب پر خصوصی سیشن ہوا جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ معیاری بیجوں کے بغیر پیداوار میں بہتری ممکن نہیں۔ زرعی زمین کی صحت اور اس میں غذائی اجزاء کے متوازن انتظام پر بھی گفتگو کی گئی جس میں مٹی کی زرخیزی اور پانی کے مؤثر استعمال کو نمایاں اہمیت دی گئی۔ریفریشر کورس میں مقررین نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات اور ان سے ہم آہنگ ہونے کی حکمت عملی پر زور دیا۔تربیتی سیشن میں کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل اور کپاس کو ہونے والی ممکنہ بیماریوں کی روک تھام کےلئے سیر حاصل گفتگو کی گئی۔