کثیر الجہتی اصلاحات نے ویتنام کی معیشت کو بین الاقوامی مارکیٹ اور غیر ملکی تجارت کا اہم ترین حصہ بنادیا،پام این ٹان

بدھ 26 فروری 2025 11:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2025ء) پاکستان میں ویتنام کے سفیر مسٹرپام این ٹان نے کہا کہ کثیر الجہتی اصلاحات نے ویتنام کی معیشت کو بین الاقوامی مارکیٹ اور غیر ملکی تجارت کا اہم ترین حصہ بنانے کے ساتھ ساتھ تکنیکی طور پر ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ2024میں ویتنام کی برآمدات 405.5ارب جبکہ درآمدات 380.8ارب تک پہنچ چکی ہیں۔

اسی طرح ویتنام کا جی ڈی پی میں فی کس حصہ 470.0ڈالر ہے جبکہ 2024 میں غیر ملکی سرمایہ کاری 25.35ارب ڈالر رہی۔ انہوں نے بتایا کہ ویتنام نے 34ملکوں سے معاہدے کئے ہیں جن میں سے 9جامع سٹریٹیجک ایگریمنٹس،11سٹریٹیجک پارٹنرز اور 14جامع پارٹنرز ہیں جبکہ مختلف ملکوں کے ساتھ9فری ٹریڈ ایگریمنٹ بھی کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستا ن اور ویتنام کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 2023 میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم 750ملین ڈالر تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ویتنام کو اہم برآمدات میں مکئی، بنا ہوا کاٹن، فیبرکس اور لیدر شامل ہیں جبکہ پاکستان ویتنام سے الیکٹرانکس ایکوپمنٹس، یارن، ربڑ اور چائے درآمد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ویتنام کو گوشت، ادویات، پھل اور سبزیوں کی برآمدات کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ فیصل آباد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں اس شہر کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور ویتنام کی کاٹن اینڈ سپننگ ایسوسی ایشن کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو سکتے ہیں۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے فیصل آباد کی معاشی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم کو متوازن بنانے کی ضرورت ہے جس کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے ویتنام کے ساتھ سیاحت کے شعبہ میں بھی تعاون بڑھانے پر زور دیا جس کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے ویتنام کیلئے فیصل آباد چیمبر کا تجارتی وفد تشکیل دینے کا عندیہ دیا اور کہا کہ ویتنام کو فیصل آباد سے ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانے کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں۔ اس موقع پر سوال و جواب کی نشست میں شیخ محمد فاضل، رانا حسن، فیصل پراچہ، محمد بلال اور یوسف ریحان بھراڑہ نے حصہ لیا اور کہا کہ ویتنام کو پاکستان میں کالی مرچوں کو پروسیس کر کے سفید مرچوں میں تبدیل کرنے کیلئے ہماری مدد کرنی چاہیے۔

ویتنام کی کمرشل قونصلر محترمہ نیگوین نے سوالوں کے جواب دیئے اور کہا کہ وہ پاکستانی برآمد کنندگان کو ویتنام کے پوٹینشل درآمد کنندگان کی فہرست جلد مہیا کر دیں گی۔ سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیاجبکہ صدر نے شیخ محمد فاضل کے ہمراہ ویتنام کے سفیر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر تحائف کا بھی تبادلہ کیا گیا جبکہ ویتنام کے سفیر نے چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔