ویتنام کے سفیر کی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر سے ملاقات، زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی پر تبادلہ خیال

جمعرات 27 فروری 2025 12:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2025ء) ویتنام کے سفیر فام انہ ٹوآن نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی تعاون کے شعبہ جات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے ڈینز اور ڈائریکٹرز بھی موجود تھے ۔ ویتنام کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان سے تمباکو، پیلی کارن اور کپاس درآمد کرتا ہے جبکہ وہ پاکستان کو کافی، کالی مرچ اور کاجو برآمد کرتاہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں زرعی ٹیکنالوجی کے تبادلے باالخصوص چھوٹے کاشتکاروں کیلئے جانوروں کی ویکسین اور غذائیت کی کمی جیسے جملہ مسائل کے حل کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا شمار زراعت اور جنگلات کے مضامین میں دنیا کی 50بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت والی گندم کی اقسام تیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے حقیقی مسائل کے حل کیلئے کمیشنڈ تحقیق کو پروان چڑھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ گنے کی زیادہ پیداوار کی حامل اقسام متعارف کروائی ہیں جن میں حشرات اور جڑی بوٹیوں کے خلاف قوت مدافعت موجودہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں بین الاقوامی کارنر میں وسعت لانے کی ضرورت ہے جہاں پر بین الاقوامی کمیونٹی بشمول ویت نام کے تعاون سے مزید انٹرنیشنل مراکز قائم کئے جا سکتے ہیں۔