بڑھتی ملکی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کےلئے زرعی شعبے کی پیداوار دوگناکرنا ہو گی،ڈاکٹرسرورخان

جمعرات 27 فروری 2025 14:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمد سرورخان نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی ملکی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کےلئے زرعی شعبے کی پیداوار دوگنا کرنا ہو گی ، اس مقصد کےلئے تحقیق و ترقی سے وابستہ پبلک و پرائیویٹ شعبوں کا اشتراک عمل وقت کی اہم ضرورت ہے ، مختلف ممالک میں گندم کی فی ایکڑ اوسط پیداوارہماری اوسط پیداور سے زیادہ ہے اس لئے پیداوار میں مزید اضافے کےلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے ساتھ ساتھ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے کاشتکاروں کو تمام ممکن سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گندم کی پیداوارمیں اگرچہ اضافہ ہوا ہے لیکن مختلف ممالک میں گندم کی فی ایکڑاوسط پیداواراب بھی ہماری اوسط پیداور سے زیادہ ہے ، گندم کی پیداوار میں اضافے کی شرح آبادی میں اضافے کی شرح سے کم ہے اس لئے گندم کی پیداوار میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے دنیا کے تمام ممالک کو مختلف چیلنجزسے دو چار کر دیا ہے جس سے عہدہ برآہونے کےلئے مشترکہ کاوشیں بھی بروئے کار لاناہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے موسمیاتی تغیر کے ساتھ ساتھ بیج کی موسم سے مطابقت کے حوالے سے جینیاتی تنوع پر نئی جدتوں کو متعارف کروانا سب سے اہم ہے جس کےلئے محکمہ زراعت توسیع، ریسرچ اور زرعی یونیورسٹیزسمیت مختلف اداروں کو آگے بڑھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں زرعی و اقتصادی ترقی، تعلیم وتحقیق کے اداروں اور انڈسٹریل سیکٹر کے باہمی اشتراک سے شرح نمو میں جو مثالی اضافہ کیاگیا ہے اسے اپنائے بغیر ملکی اقتصادیات اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا جا سکتا۔