فیصل آباد چیمبر کے118سیکٹرزو سب سیکٹرزکے ممبران کی تعداد10 ہزار کے قریب پہنچ گئی

جمعہ 28 فروری 2025 13:26

فیصل آباد چیمبر کے118سیکٹرزو سب سیکٹرزکے ممبران کی تعداد10 ہزار کے قریب ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے118سیکٹرزو سب سیکٹرزسے تعلق رکھنے والے ممبران کی تعداد10 ہزار کے قریب پہنچ گئی جو ملکی معیشت اور کاروباری وتجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے سمیت سماجی و فلاحی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش ہیں جبکہ فیصل آباد چیمبر بھی ان کے مسائل کے حل، انہیں درپیش مشکلات کے ازالہ اور انہیں تمام ممکن کاروباری سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے کیونکہ اگر کاروبارچلیں گے تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اگر روزگار کابندوبست ہوگا تو غربت میں کمی آئے گی۔

یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ایک ملاقات میں بتائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد پنجاب کا سب سے بڑا جبکہ ملک کا دوسرا بڑا صنعتی شہر ہے جو ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 60فیصد کا حصہ ڈالنے کے علاوہ 40فیصد لوگوں کو روزگار بھی مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے چیمبر کے بارے میں بتایا کہ اس کے ممبران میں ہر قسم کے کاروباری اور تاجر لوگ شامل ہیں جن کا تعلق معیشت کے 118سیکٹرز اور سب سیکٹرز سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چیمبر اپنے ممبران کے مسائل وفاقی، صوبائی، ڈویژنل وضلعی سطح پرحل کرانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کرتا ہے جبکہ فلاحی کاموں میں بھی تاجر طبقہ بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہا ہے۔انہوں نے جامعہ زرعیہ اور دیگر زرعی تحقیقی اداروں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے گرانقدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن کاروباری اور تاجر حضرات نے ابھی تک فیصل آباد چیمبر کی ممبر شپ حاصل نہیں کی وہ ہر صورت چیمبر کی رکنیت حاصل کریں۔ انہوں نے تمام ممبران کو 31 مارچ تک اپنی رکنیت کی تجدید کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :