نیشنل کالج آف آرٹس کے طلبہ کا کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ

جمعہ 28 فروری 2025 13:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2025ء) نیشنل کالج آف آرٹس کے طلبہ نے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کر کے ہاتھ سے قالینوں کی تیاری کے مختلف مراحل اور ایکسپورٹ کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ۔ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان ، سعید خان اور فیصل سعید خان نے طلبہ کے وفد کا انسٹی ٹیوٹ آمد پر خیر مقدم کیااور انہیں لوریا سافٹ وئیر ، ہزارہ سمیت مختلف ناٹس اور قالینوں کی تیاری کے دوران ہنر مندوں کی تکنیکی مہارتوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

طلبہ کو کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے مینو فیکچررز کوجدید ڈیزائنوں کی تیاری سمیت دیگر مراحل میں فراہم کی جانے والی معاونت کے حوالے سے بھی بریفنگ د ی گئی ۔ اس موقع پر چیئر پرسن اعجاز الرحمان ، سعید خان اور فیصل سعید خان نے طلبہ کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دئیے ۔

(جاری ہے)

چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان نے کہا کہ نیشنل کالج آف آرٹس جیسے تعلیمی ادارے اور مختلف صنعتوں خصوصا ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے درمیان مضبوط روابط کی سٹریٹجک اہمیت ہے جس کے ذریعے پیداوار میں اضافے اور دیگر مہارتوں کی دستیابی میں کلیدی معاونت میسر آ سکتی ہے ، دونوں اداروں میں تعاون کا فروغ انٹرپرینیورشپ کیلئے بھی موثر ہو سکتا ہے ۔

انہوں نے تجویز دی کہ تمام متعلقہ ادارے جیسے یونیورسٹیز ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور صنعت سے وابستہ لوگوں کو اکیڈیمیاں اور صنعت کے درمیان پائی جانے والی خلیج کو کم کرنے ،چیلنجوں اور امکانات کے تناظر میں ملاقاتیں اور مکالمہ کرنا چاہیے۔صنعت اور اکیڈیمیا ں کے درمیان روابط اور مضبوط تعاون پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہو سکتا ہے ۔طلبہ نے روایتی اور جدید کھڈی پر ہاتھ سے قالینوں کی تیاری کے مختلف مراحل بھی دیکھے اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ طلبہ کو کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے ڈسپلے سنٹر کا بھی دورہ کرایاگیا ۔

متعلقہ عنوان :