کوریا کے نجی شعبہ سے براہ راست رابطوں سے پاکستان کو مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع ملیں گے، ریحان نسیم بھراڑہ

ہفتہ 1 مارچ 2025 18:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ کوریا کے نجی شعبہ سے براہ راست رابطوں سے پاکستان کو مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع ملیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوریا کے ماہرین اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے سٹارڈسٹ انٹر پرائزز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیلر کم کی قیادت میں فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں عالمی تجارت میں حصہ ڈالنے کے دعوؤں کے برعکس یہ بات باعث تعجب ہے کہ 1995ء کے بعد پاکستان اور کوریا کے نجی شعبوں کے درمیان کوئی قابل ذکر رابط نہیں ہوا۔ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ فیصل آباد ملک کا تیسرا بڑاچیمبر ہے جبکہ یہاں ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوریا نے حلال فوڈ میں بہت کام کیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں فرنچائز کی بھی گنجائش ہے۔ انہوں نے کوریا کی سیکورٹی سرٹیفکیشن کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا اور کہاکہ پاکستان میں اس کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت سگریٹ کے شعبہ میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کوریا کے وفد کو بتایا کہ وہ یہاں کورین ٹیکنالوجی سے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے سلسلہ میں بھی اُن کی ہر ممکن مدد اور اعانت کریں گے۔

اس موقع پر پیٹر پارک، ڈاکٹر عین الحق، ڈاکٹر حبیب الحق اور طاہر خالق کے علاوہ سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا، نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ، ڈاکٹر حبیب اسلم گابا، فاروق یوسف، عمر فاروق کاہلوں، ڈاکٹر سجاد ارشد، ریحان اشفاق اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ آخر میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کوریا سے آنے والے مہمانوں کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے خصوصی پن لگائیں اور کوریا کے وفد کے سربراہ کو چیمبر کی شیلڈ اورتحائف پیش کئے۔