جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے طلبہ نے پہلے آل پاکستان دو لسانی تقریری مقابلہ میں ٹرافی جیت لی

ہفتہ 1 مارچ 2025 22:32

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2025ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے طلبہ نے ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان میں منعقدہ پہلے آل پاکستان دو لسانی تقریری مقابلہ میں ٹیم ٹرافی جیت لی۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خان نے جیتنے والے طلبہ کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

رامین فاطمہ کو انگلش مزاحیہ کیٹیگری میں بہترین مقرر کا اعزاز دیا گیاجبکہ خنسہ جہاں نے اردو سنجیدہ کیٹیگری میں انعام حاصل کیا،ان کی دلفریب اور عمدہ تقاریر، زبان پر اپنی مہارت اور زبردست کارکردگی کو سامعین نے سراہا،طلبہ کا تعلق سینئر ٹیوٹر آفس کے ڈیبیٹنگ کلب سے ہے۔

ڈاکٹر محمد سرور خان نے کہا کہ یونیورسٹی کی یہ روایت رہی ہے کہ اس کے طلبہ نہ صرف نصابی بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی منفرد مقام رکھتے ہیں اور یہ باوقار پلیٹ فارمز پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی خداداد صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔