محکمہ زراعت(توسیع) سمبڑیال كا فروری میں کماد کی کاشت کیلئے کھادوں ،کیڑوں اور بیماریوں سے بچائو کیلئے پلان جاری

پیر 3 مارچ 2025 16:41

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2025ء) محکمہ زراعت(توسیع) سمبڑیال نے فروری میں کماد کی کاشت کیلئے کھادوں ،کیڑوں اور بیماریوں سے بچائو کیلئے پلان جاری کردیا ہے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کماد کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ فصل کو بیماریوں سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت کے پلان کے مطابق کھادیں اور ادویات استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ کماد کی نشونما ،پیداوار ،کیڑوں اور بیماریوں کے کنٹرول کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے مرحلے میں کماد کی جڑوں کی نشوونما کیلئے ڈی اے پی کھاد50 کلوگرام فی ایکڑ،ابتدائی بڑھوتری کیلئے یوریا کھاد25 کلوگرام ،پودے کو طاقت دینے کیلئے پوٹاش کھاد25 کلوگرام اور بہتر اگائو کیلئے زنک سلفیٹ2 کلوگرام فی ایکڑ چھٹا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کماد کے اگائو کے دوران دیمک کا حملہ ہوسکتا ہے،اس کے لیے کلورپائریفاس 2 لیٹر فی ایکڑ پانی میں ملا کر زمین پر چھڑکائو کریں، اگر زمین میں فنگس کا مسئلہ ہوتو ٹریکوڈرما بائیوفنجی کا ستعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ کاشت کے 40 سے 45 دن بعد جرمینیشن مکمل ہونے کے بعد پودے کی تیزی سے بڑھوتری کیلئے یوریا کھاد 50 کلوگرام فی ایکڑ ،تنے کو مضبوط بنانے کیلئے پوٹاش25 کلوگرام،پودے کی موٹائی اور مضبوطی کیلئے بوران ایک کلو اور نائٹروجن کے جذب ہونے کو بہتر بنانے کیلئے سلفر 10 کلوگرام استعمال کریں۔انہوں نے کیڑوں اور بیماریوں کے بچنے کیلئے بتایا کہ بگ اور شوٹ بورر کے الے سے بچنے کیلئے امیڈاکلوبرڈ200 ملی لیٹر فی ایکڑ کا اسپرے کریںاور ریڈروٹ فنگس سے بچانے کیلئے کاپر اوکسی کلورائیڈ2 گرام فی لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔

انہوں نے تیسرے مرحلے 60 سے70 دن کی کماد کی فصل کے پلان کے بارے میں بتایا کہ پودے کی لمبائی اور موٹائی بڑھانے کیلئے یوریا 50 کلوگرام ،گنے کو سخت اور رس دار کرنے کیلئے پوٹاش25 کلوگرام فی ایکڑ ڈالیں،گنے کے پودے کو گرمی اور دیگر مسائل سے محفوظ رکھنے کیلئے امینوایسڈ یا سی ویڈ ایکسٹریکٹ کا اسپرے کریں،وائٹ فلائی جوں اور تھرپس کے حملے سے بچنے کیلئے سپائرومیسیفین پلس ،ایبامیکٹن120 ملی لیٹر فی ایکڑ پانی میں ملا کر اسپرے کریں اور اگر گنے کے پتے جل رہے ہوں یا خشک ہورہے ہوں تو زنک اور میگنیشیم کا اسپرے کریں۔

انہوں نے کہا کہ چوتھا مرحلہ کماد کی فصل کا 90 سے100 دن کا ہوتا ہے اس مرحلہ میں پودوں کو گوڈی کرکے مٹی چڑھائی جاتی ہے تاکہ پودے مضبوط ہوں اور گرنے سے بچیں۔انہوں نے کہا کہ چوتھے مرحلے میں یوریا کھاد 25 کلوگرام، کماد کی سختی اور وزن بڑھان کیلئے پوٹاش 25 کلوگرام فی ایکڑ کھاد ڈالیں،کماد کو گرنے سے بچانے کیلئے کیلشیم کا اسپرے کریں،گھنے کی موٹائی اور رس بڑھانے کیلئے مائیکرونیوٹرینٹس کا اسپرے کریں۔

انہوں نے کہا کہ گوڈی کرکے مٹی چڑھانے سے جڑوں کو مزید مضبوطی ملے گی اور نائیٹروجن کا بہتر استعمال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اب کماد کا مشاہدہ کرتے رہیں اگر کماد میں گڑوئی سنڈی کا حملہ ہوتو کلوراانٹرانیلی پروول 60 ملی لیٹر فی ایکڑ اسپرے کریں اور اگر زیادہ نمی ہو اور فنگس کا خطرہ ہو تو ٹریائزوپھوس یا کاربینڈازم کا اسپرے کریں۔انہوں نے کہا کہ مزید معلومات کیلئے محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن یا نمائندے سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :