سحرو افطار کے اوقات میں بجلی بندش کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، ترجمان

پیر 3 مارچ 2025 17:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2025ء) لیسکو انتظامیہ کی جانب سے اپنے تمام صارفین کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مبارک باد دی گئی ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو حکام نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے تھے جس کے باعث دونوں سحریوں اور پہلے افطار کے اوقات میں لیسکو کے تمام فیڈرز پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری رہی اور کسی علاقے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

سحری کے اوقات میں چیف انجینئر ٹی اینڈ جی فیصل زکریا اور افطاری کے وقت چیف انجینئر پی اینڈ ڈی عمران محمود کنٹرول روم میں موجود رہے جبکہ اس موقع پر ڈپٹی منیجر جی ایس او اسد اللہ بٹ اور ڈپٹی منیجر پبلک ریلیشن سلمان حیدر بھی موقع پر موجود تھے۔ پی ڈی سی کا عملہ24گھنٹے بجلی کے ترسیلی نظام کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر اس سارے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو انتظامیہ کی جانب سے صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں فوری طور118پر رابطہ کریں تاکہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی جانب سے خصوصی ڈیوٹی پر تعینات ٹیمیں آپ کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔