بی جے پی حکومت نے پونچھ میں مزید تین کشمیریوں کی جائیداد یں ضبط کر لیں

پیر 3 مارچ 2025 22:02

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے اپنے کشمیر دشمن نوآبادیاتی ایجنڈے کو جاری رکھتے ہوئے مزید تین کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے ضلع پونچھ کے علاقوں کیرنی اور قصبہ میں نجب دین، محمد لطیف اور محمد بشیر کی جائیدادیں ضبط کرلیں۔

(جاری ہے)

مقامی عدالت کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں پولیس اورمتعلقہ حکام کی اجازت کے بغیر ان جائیدادوں کی فروخت ، لیزیا کسی بھی قسم کے لین دین پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔یہ اقدام بی جے پی حکومت کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ کشمیریوں کی معیشت اور جذبہ آزادی کو کمزور کیا جا سکے ۔اگست 2019میں بھارتی حکومت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کی غیر قانونی منسوخی کے بعد سے بی جے پی حکومت نے مختلف بہانوں سے کشمیریوں کی سینکڑوں جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ اس مہم کا مقصد کشمیریوں کو معاشی طور پر غیرمستحکم کرنا اور ان کی زمینوںپر غیر کشمیریوں کو آباد کرکے خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔